قرنطینہ کی خلاف ورزی ، ونڈیزکو پراکٹیس سے روک دیا گیا

   

کرائسٹ چرچ۔ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو قرنطینہ قواعد کی خلاف ورزیوں پر پریکٹس سے روک دیا گی ہے۔ ویسٹ انڈین ٹیم 2 ٹسٹ اور3 ٹی 20 میچز کی سیریزکھیلنے کے لئے نیوزی لینڈ میں ہے اورانہیں اس وقت نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ کے ایک ہوٹل میں2 ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے شکایت کی کہ مہمان ٹیم کے کھلاڑی قرنطینہ کی خلاف ورزی کررہے ہیں اور قرنطینہ کے لئے بنائے گئے دونوں گروپ کے افراد نہ صرف ایک دوسرے سے مل رہے ہیں بلکہ ایک دوسرے کے ساتھ کھاتے پیتے بھی دیکھے گئے ہیں۔ کیوی حکام کے مطابق مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے قرنطینہ کی خلاف ورزی کو سی سی ٹی وی کیمروں نے ریکارڈکیا ہے اور ہوٹل کے عملے نے بھی انہیں دیکھا ہے۔ حکام کی جانب سے مہمان کھلاڑیوں کی خلاف ورزیوں پر ان کو قرنطینہ کے دوران پریکٹس کے لیے دی جانے والی سہولیات واپس لے لی گئی ہیں۔ وزات صحت کے مطابق اپنے 14دن کے قرنطینہ میں سے 12 دن مکمل کرنے والے ویسٹ انڈیز کھلاڑی کوویڈ19 کے اصولوں کی خلاف ورزی پر اس وقت تک ٹریننگ نہیں کر سکیں گے جب تک کہ وہ مکمل قرنطینہ کی مدت مکمل نہیں کر لیتے اور اگر مزید تحفظات ظاہرکیے گئے تنہائی کی مدت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے چیف جونی گریو نے ویڈیو پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ انہیں اپنے کھلاڑیوں کے اس طرز عمل پر انتہائی افسوس ہے جس نے پورے دورے کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے غیر ذمے داری کا مظاہرہ کرکے نہ صرف خودکوخطرے میں ڈالا بلکہ ویسٹ انڈیز کے نام کو نیچا کرنے کے ساتھ نیوزی لینڈ کے عوام کی صحت کے لیے بھی ممکنہ خطرات پیدا کئے ہیں۔جونی گریو نے کہا کہ ہم نے کھلاڑیوں کو پہلے ہی خبردارکردیا تھاکہ اگر قرنطینہ کی سہولت کی خلاف ورزی کی گئی تو ایسا کرنے والوں کو فوری وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔