قرنطینہ کی خلاف ورزی پر 50 ہزار روپیوں کا جرمانہ

   

حکومت سے پاسپورٹس کی ضبطی و منسوخی کے انتباہ کے بعد نظام آباد کے موضع میں فیصلہ
حیدرآباد۔26مارچ(سیاست نیوز) حکومت نے قرنطینہ میں رہنے والو ںکی جانب سے اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ان کے پاسپورٹ ضبط کرنے اور منسوخ کرنے تک کا انتباہ دیا ہے لیکن نظام آباد کے موضع موتھے میں ویلیج ڈیولپمنٹ کمیٹی نے جن لوگوں کو قرنطینہ کیا گیا ہے یا جو لوگ غیر مقیم ہندستانی اس وقت موضع میں موجود ہیں ان سے بات چیت کرتے نظر آنے پر انہیں 50 ہزار روپئے جرمانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کورونا وائرس جو کہ ہندستان میں بیشتر بیرونی مسافرین کے ذریعہ پہنچا ہے ان سے دور رہنے کی ہدایات حکومت کی جانب سے دی جار ہی ہیں لیکن اس کے باوجود بعض مقامات پراس کی خلاف ورزی کی شکایات بھی عروج پر پہنچتی جا رہی ہیں اسی لئے ویلیج ڈیولپمنٹ کمیٹی نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ جو لوگ بیرون ملک سے آئے ہیں نہ صرف ان کو تاکید کی جائے بلکہ عوام کو بھی اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ ان سے ملاقات نہ کریں کیونکہ اگر وہ متاثرہ شخص سے قربت اختیار کرتے ہیں تو ان میں بھی وائرس کی منتقلی کا اندیشہ ہوتا ہے اسی لئے ریاستی حکومت کی ہدایات کے ساتھ اس موضع کے عوام نے اپنے طور پر ہدایات جاری کرتے ہوئے ان پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ کے مطابق اگر کوئی بیرون ملک سے واپس آئے شخص کے ساتھ بات چیت کرتا ہوا پایا جاتا ہے تو ایسی صورت میں ان کے خلاف نہ صرف کاروائی کی جائے گی بلکہ ان پر 50 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق مقامی ایم ڈی او اور سب انسپکٹر کی جانب سے ان مشتبہ مریضوں کی نگہداشت کی جا رہی ہے لیکن عوام لاشعوری کے عالم میں مشتبہ شخص سے ملاقات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔محکمہ پولیس کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے ان اشخاص کو اپنے طور پر گھروں میں بند رہنے کی تاکید کے باوجود اس بات کی شکایات موصول ہورہی ہیں کہ لوگ ان سے ملاقات کر رہے ہیں۔نظام آباد سے تعلق رکھنے والے اس موضع میں کئے جانے والے ان اقدامات کی کوئی سرکاری طور پر توثیق نہیں کی جا رہی ہے لیکن مقامی طور پر اس کی سراہنا کی جا رہی ہے۔