قومی سطح پر اپوزیشن کا اتحاد ناقابل عمل : پرکاش کرت

   

جمشیدپور 21 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک بھر میں اپوزیشن جماعتوں کا عظیم اتحاد نہ قابل عمل ہے اور نہ ہی اس کا کوئی جواز ہوسکتا ہے ۔ سی پی ایم پولیٹ بیورو رکن پرکاش کرت نے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ بہت ممکن ہے کہ علاقائی اور اپوزیشن جماعتوں کے مابین ریاستوں کی حد تک اتحاد ہوسکے ۔ مسٹر کرت نے کہا کہ سی پی ایم کی جانب سے موجودہ صورتحال کے مطابق دوسری سکیولر جماعتوں کے ساتھ اتحاد کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ بہت ممکن ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ریاستی اساس پر انتخابی مفاہمت کی جائے تاہم اس بات کا امکان نہیں ہے کہ قومی سطح پر کوئی عظیم اتحاد تشکیل پائے ۔ یہ فارمولا قابل عمل نہیں ہے اور نہ ہی اس کا موجودہ حالات میں کوئی جواز ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوششیں کی جانی چاہئیں کہ ریاستوں میں اہم طاقتوں کو متحد کیا جائے تاکہ بی جے پی کو شکست دی جاسکے اور ممکن ہے کہ ریاستی سطح پر اتحاد بہار ‘ اترپردیش ‘ مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ وغیرہ میں تشکیل پا جائے ۔