قومی سطح پر جماعت اسلامی کی طالبات تنظیم کی تشکیل

   

سمیہ روشن قومی صدر اور سمر علی جنرل سکریٹری، امیر جماعت اسلامی سعادت اللہ حسینی کی مبارکباد
حیدرآباد۔ 31 جولائی (سیاست نیوز) جماعت اسلامی ہند کی طالبات کی تنظیم گرلز اسلامک آرگنائزیشن (GIO) کے پہلے قومی صدر اور جنرل سکریٹری کا انتخاب عمل میں آیا۔ کرناٹک سے تعلق رکھنے والے ایڈوکیٹ سمیہ روشن ملک کی پہلی قومی صدر منتخب کی گئی ہیں جبکہ کیرالا سے تعلق رکھنے والی سمر علی کو قومی جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا۔ گرلز اسلامک آرگنائزیشن سابق میں ریاستی کونسلس کے تحت خدمات انجام دیتی رہیں اور اب قومی سطح پر تنظیم سازی کی گئی ہے۔ تنظیم کی قیادت قومی صدر آف جنرل سکریٹری کریں گے اور ان کے تحت فیڈرل کمیٹی قائم کی جائے گی جس میں تمام ریاستوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ کمیٹی کی میعاد 2 سال رہے گی۔ 1984 سے گرلز اسلامک آرگنائزیشن خواتین اور لڑکیوں میں کام کررہی ہیں۔ ملک کی تمام ریاستوں میں تنظیم قائم ہے۔ اسی دوران امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی نے جی آئی او کی نیشنل فیڈریشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنفی تفریق دنیا بھر میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ اسلام کے بارے میں یہ غلط فہمی پھیلائی جارہی ہے کہ مذہب میں خواتین کو انسانی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔ حجاب کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ سمجھا جاتا ہے۔ اسلام کے بارے میں پھیلائی جارہی ان غلط فہمیوں کے ازالہ کے لئے نیشنل فیڈریشن آف جی آئی او کو کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حجاب ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور باحجاب لڑکیاں تعلیم اور دیگر شعبہ جات میں نمایاں ترقی حاصل کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماج کی غلط فہمیوں کے ازالہ کے علاوہ جی آئی او کو اسلامی موقف پیش کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام خواتین کو بھرپور تحفظ فراہم کرتا ہے اور مغربی تہذیب میں ان کا استحصال کیا جارہا ہے۔ نائب امیر جماعت اسلامی ہند جناب محمد جعفر، محترمہ رحمت النساء سکریٹری جماعت اسلامی ہند اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ ر
’’حمیدیہ ‘‘میں آج دوسری مجلس سید الشہداء سیدنا امام حسینؑ
حیدرآباد۔ 31؍ جولائی (پریس نوٹ) اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا( آئی ہرک) اور بارگاہ شہزادہ امام علی ابن موسیٰ رضاؑ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین حسینی رضوی قادری شرفی ؒ کے زیر اہتمام ’’حمیدیہ ‘‘، شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں یکم؍ تا ۱۲؍محرم الحرام جاری سالانہ مجالس امام عالی مقام سید الشہداء سیدنا امام حسینؑ کے سلسلہ کی دوسری مجلس بروز دوشنبہ،۲ ؍ محرم الحرام م یکم اگسٹ بعد نماز مغرب منعقد ہوگی۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین حسینی حمیدی جانشین شہزادہ امام علی ابن موسیٰ رضا ؑڈاکٹر سید محمد حمید الدین حسینی رضوی قادری شرفی ؒ کا خطاب ہوگا۔ نعت خواں حضرات حمدو نعت وسلام ومنقبت پیش کرینگے۔ بعد مجلس لنگر حسینی ؑ کا اہتمام رہے گا۔