قومی سیاست میں اہم رول ادا کرنے کے سی آر کی حکمت

   

پرشانت کشور کو بھارتیہ راشٹریہ سمیتی میں اہم مقام متوقع
حیدرآباد۔2مئی (سیاست نیوز) ملک کی سیاست میں تلنگانہ راشٹر سمیتی اپنے کردار کو قومی سطح پر ادا کرنے کیلئے پرشانت کشور کو ٹی آرایس کے چہرے کے طور پر پیش کرے گی! تلنگانہ راشٹر سمیتی سربراہ و چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر قومی سیاست میں سرگرم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ تلنگانہ راشٹر سمیتی کو بھارتیہ راشٹریہ سمیتی میں تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے قومی سیاست میں حصہ لینے کے اشارے دیئے ہیں ۔ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے قومی سیاست میں حصہ لینے کے اشارے دیئے جانے کے بعد اب کہا جا رہاہے کہ پرشانت کشور تلنگانہ راشٹر سمیتی کی قومی سیاست کا چہرہ ہوسکتے ہیں۔ پرشانت کشور جن کا تعلق شمالی ہند سے ہے اگر تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے بنائی جانے والی قومی سیاسی جماعت کے چہرے کے طور پر پیش کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں وہ شمالی ہند کی سیاست پر کافی اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ پارٹی ذرائع کا کہناہے کہ کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ راشٹر سمیتی کو علاقائی سیاسی جماعت سے قومی سیاسی جماعت میں تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں اور اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے انہیں شمالی ہند میں ایک معروف چہرے کی ضرورت ہے اور موجودہ حالات میں پرشانت کشور سے زیادہ مناسب شخصیت ٹی آر ایس قائدین کو نظر نہیں آرہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ کے سی آر اس سلسلہ میں پرشانت کشور سے مذاکرات بھی جاری رکھے ہوئے ہیں اور پرشانت کشور جو کہ 2014 کے بعد سے کئی سیاسی جماعتوں بشمول بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ منصوبہ بندی اور انتخابی حکمت عملی کی تیاری کے سلسلہ میں کام انجام دے چکے ہیں اور بہار انتخابات سے قبل جے ڈی یو میں بھی شامل ہوئے تھے اس طرح وہ بیشتر تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے راست تعلقات رکھتے ہیں جس کا فائدہ تلنگانہ راشٹر سمیتی اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ تلنگانہ راشٹرسمیتی کی جانب سے اگر قومی سیاسی جماعت کا اعلان کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں پرشانت کشور ہی قومی چہرہ ہوں گے یہ بات باوثوق کے ساتھ نہیں کہی جاسکتی لیکن اس بات سے انکار بھی نہیں کیا جاسکتا کہ جس کسی کوبھی تلنگانہ راشٹر سمیتی کے قومی چہرے کے طور پر پیش کیا جائے گا اس کی تیاری میں پرشانت کشور کا کلیدی کردار رہے گا۔ پرشانت کشور اگر تلنگانہ راشٹر سمیتی کی قومی سیاسی جماعت کا حصہ بنتے ہیں تو ایسی صورت میں ان کا اپنا کیا نظریہ ہوگا اور ان کے ساتھ اتحاد کے لئے آمادہ سیاسی جماعتوں کے قائدین کا نظریہ کیا ہوگا یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی فلاحی اسکیمات کو قومی سطح پر تشہیر دینے کا عمل شروع کرتے ہوئے تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے ملک بھر کی سیاست میں اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش شروع کی جاچکی ہے اور کہا جا رہاہے کہ قومی ذرائع ابلاغ میں تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات کی تشہیر اسی منصوبہ کا حصہ ہے۔م