قیمتوں پر کنٹرول حکومت کیلئے بڑا مسئلہ

   

جینت کور ،ڈاکٹر لکشے شرما
آج کل ہمارے ملک میں مہنگائی آسمان کو چھونے لگی ہے اور اس مہنگائی سے سب سے زیادہ غریب اور متوسط طبقہ متاثر ہورہا ہے۔ اب یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر مہنگائی پر کس طرح قابو پایا جاسکتا ہے اور خاص طور پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنا (سستا رکھنا) اور قیمتوں کو مستحکم رکھنے حکومت کا طریقہ کار کیا ہونا چاہئے ۔ فی الوقت عوام، پیاز ، شکر، دالوں، چاول کی بڑھتی قیمتوں کو لے کر کافی پریشان ہیں۔ ان اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ یا اچانک اضافہ دیکھنے میں کوئی بڑی بات محسوس نہیں ہوئی لیکن اس کا اثر ہر گھر پر یکساں نہیں ہوتا۔ متوسط طبقہ کے لوگوں کو مقامی سبزی فروش سے خریداری کرتے وقت کچھ زیادہ رقم خرچ کرنی پڑسکتی ہے جبکہ نچلے متوسط طبقہ کیلئے اس کا مطلب دوسری اشیاء ضروریہ پر اخراجات کم کرنا ہوسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بنیادی اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتیں لوگوں کی روزمرہ زندگی سے براہ راست تعلق رکھتی ہیں۔ اب یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آیا حکومت کو ان قیمتوں پر کنٹرول نہیں کرنا چاہئے؟ جب قیمتوں میں اچانک اضافہ ہو تو حکومت کو مداخلت کرنی چاہئے لیکن قیمتوں کو کنٹرول کرنا اس مسئلہ کا حل نہیں۔ قیمتوں پر قابو پانے سے مختصر مدت میں صارفین کو تحفظ مل سکتا ہے لیکن قیمتوں کو مصنوعی طور پر کم رکھنے سے اس میں کمی پیداوار کی حوصلہ شکنی اور اشیاء کی قلت پیدا ہوسکتی ہے۔ حکومت کیلئے اصل چیلنج یہ ہے کہ وہ صارفین کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مارکیٹ کی فورسیس کو بھی کام کرنے دے تاکہ روزمرہ زندگی کیلئے انتہائی ضروری اشیاء بازاروں میں دستیاب رہے۔ یہ بھی ایک سوال ہے کہ آخر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کیوں بڑھتی ہیں؟ مسابقتی بازار میں قیمتوں کا تعین طلب اور رسد کے عوامل سے ہوتا ہے۔ اگر رسد کم ہوجائے تو طلب میں کوئی تبدیلی نہ آئے تو توازن کی قیمت بڑھ جاتی ہے اور یہ بات بنیادی ضروریات کے حوالے سے خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ ان اشیاء کی طلب میں آسانی سے کمی نہیں کی جاسکتی۔ لوگ کسی شئے کی قیمت بڑھ جانے سے کھانا کھانا بند نہیں کرسکتے چنانچہ اس میں معمولی کمی بھی قیمتوں میں اضافہ کا سبب بن سکتی ہے۔ ہمارے ملک میں شکر کی منڈی اس کی ایک مثال پیش کرتی ہے۔ وزارت اُمور صارفین حکومت ہند کے مطابق شکر کی قیمت 20 جولائی 2026ء کو 48.18 روپئے فی کیلوگرام تھی جو بڑھ کر 20 اگست 2026ء کو 55.70 روپئے فی کیلوگرام ہوگئی۔ حکومت نے اس پر قیمتوں میں اضافہ کی چند وجوہات کی نشاندہی کی جن میں ملک میں توقع سے کم پیداوار تہواروں کے موقع پر بڑھتی ہوئی طلب، موسم کی وجہ سے فصلوں کو نقصان پہنچنا وغیرہ وغیرہ۔ اس کے علاوہ ذخیرہ اندوزی اور دیگر عوامل شامل ہیں۔ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت کے پاس سب سے واضح جو حل ہیں، ان میں سے ایک قیمتوں کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر کرنا یعنی Ceiling Price ہے۔ اس سے مراد وہ زیادہ سے زیادہ قیمت ہے جس کی قانون کے تحت اجازت ہو اور جسے حکومت مقرر کرتی ہے۔ مثال کے طور پر کسی ضروری شئے کی متوازن قیمت 60 روپئے فی کلوگرام ہے۔ اب اگر حکومت اس کی زیادہ سے زیادہ قیمت مقرر کردے تو کیا ہوگا؟ نظریاتی طور پر قیمت میں کمی کی وجہ سے صارفین کو فائدہ پہنچے گا، لیکن اس میں ایک سنگین مسئلہ بھی ہے۔ 40 روپئے فی کلو گرام کی قیمت پر صارفین زیادہ مقدار میں اشیاء خریدنا چاہیں گے جبکہ سپلائرس اس کی پیداوار کو کم کرسکتے ہیں یعنی طلب کی مقدار زیاد ہ ہے۔ رسد کی مقدار سے تو اس سے قلت پیدا ہوگی یا یہ دونوں رجحان قلت کے مساوی ہوں گے ۔ یہ دراصل قیمتوں کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر کرنے کی پالیسی کا براہ راست نتیجہ ہے۔ ’’انڈین ایکسپریس‘‘ کے 2020ء کے ایک مضمون میں وضاحت کی گئی ہے کہ قیمتیں طلب اور رسد کے اشاریئے کے طور پر کام کرتی ہیں اور پیداوار کرنے والوں کو اشیاء تیار کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔ قیمتوں پر حد مقرر کرنے سے رسد کم ہوسکتی ہے جبکہ طلب میں اضافہ ہوسکتا ہے جس کے نتیجہ میں بالآخر اشیاء کی قلت پیدا ہوتی ہے، لہذا ایسی پالیسی جو بظاہر صارفین کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔ ایک اور مسئلہ پیدا کرسکتی ہے۔ کاغذ پر چیز سستی تو ہوجاتی ہے لیکن بازار میں اسے تلاش کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ حکومت اس کی بجائے رسد میں اضافہ کرسکتی ہے، اس کا یہ مطلب نہیں کہ حکومت صارفین کو بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بوجھ برداشت کرنے کیلئے اکیلا چھوڑ دے۔ قیمتوں میں مداخلت کرنے کیلئے حکومت کے پاس دیگر طریقے بھی موجود ہیں۔ اس عرصہ کے دوران قیمتوں کے اثرات کم کرنے کیلئے حکومت نے اپنے ذخیرہ شدہ پیاز سے پیاز فروخت کرنا شروع کیا۔ حکومت نے اپنے ذخیرہ کیلئے تقریباً 1.21 لاکھ پیاز خرید کر جمع کیا تھا۔ پی آئی بی کے مطابق حکومت نے اپنے بفر اسٹاک سے پیاز 35 روپئے فی کیلوگرام کی قیمت پر فروخت کرنے کا اعلان کیا۔ یہ طریقہ کار قیمتوں کو براہ راست کنٹرول کرنے سے مختلف ہے۔ فروخت کرنے والوں کو کم قیمت پر اشیاء فروخت کرنے پر مجبور کرنے کی بجائے حکومت اپنے ذخیرہ شدہ پیاز کو بازار میں لاتی ہے جس سے مارکیٹ میں دستیاب پیاز کی رسد بڑھ جاتی ہے۔ طلب اور رسد کے گراف میں اس عمل کو Curve، Supply کی دائیں جانب منتقلی کے ذریعہ ظاہر کیا جاسکتا ہے۔ رسد میں اضافہ کے ساتھ متوازن قیمت میں کمی آسکتی ہے۔ جبکہ صارفین کیلئے دستیاب اشیاء کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔ اس طرح حکومت صارفین کو راحت فراہم کرسکتی ہے لیکن کیا حکومت ایسا کررہی ہے؟ اس کا جواب حکومت کو دینا ہوگا۔