پیشرفت کی رفتار کو تیز کرنے پر توجہ ۔ وزیر صنعت کے ٹی آر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد 11 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ ریاست کی جانب سے ورلڈ اکنامک فورم سے اشتراک کرکے ان کے نیٹ ورک کو ریاست کے لائف سائینسیس شعبہ کے اثر اور اس کی قدر کو تیز رفتار بنانے کیلئے استعمال کرنے کے امکان کا جائزہ لیا جائیگا ۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی اور انڈسٹریز کے ٹی راما راؤ نے آج ورلڈ اکنامک فورم کے نمائندوں اور لائف سائینسیس اور فارما شعبہ کے اہم نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا ۔ یہ اجلاس تلنگانہ میں میں لائف سائینسیس ایکو سسٹم کے امکانات کو تلاش کرنے منعقد ہوئی تھی تاکہ حیدرآباد کو عالمی ہیلت نیٹ ورک کے نقشہ میں مزید منفرد مقام دلایا جاسکے ۔ اجلاس میں وزیر کے ٹی راما راؤ نے تلنگانہ کی خصوصیات کو اجاگر کیا اور ریاستی حکومت کی جانب سے لائف سائینس شعبہ کی ترقی کی رفتار کو بڑھانے شروع کئے گئے مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی ۔ اس اجلاس میں تلنگانہ میں لائف سائینسیس شعبہ کی جانب سے جو اثرات مرتب کئے گئے ہیں اور جو قدر پیدا کی گئی ہے اس کو مزید تیز رفتار بنانے کیلئے ورلڈ اکنامک فورم سے اشتراک کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ ورلڈ اکنامک فومر کی ٹیم نے ریاستی حکومت کی کوششوںا ور اقدامات کی ستائش کی ۔ فورم کے نمائندوں نے عالمی سطح پر نگہداشت صحت کو بہتر بنانے کے اپنے مشن کو آگے بڑھانے تلنگانہ سے اشتراک کرنے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر ریڈیز لیبارٹریز کے صدر نشین ستیش ریڈی ‘ بائیلوجیکل ای لمیٹیڈ کے مینیجنگ ڈائرکٹر مہیما ڈالٹا ‘ اروبندو فارما کے ڈائرکٹر پی شرتھ چندرا ریڈی اور دوسروں نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی ۔ ورلڈ اکنامک فورم کی نمائندگی ہیلت و ہیلت کئیر سربراہ ڈاکٹر شیام بشن ‘ ڈائرکٹر و ڈپٹی ہیڈ ( انڈیا و ساؤتھ ایشیا ) سری رام گٹا ‘ سنٹر فار فورتھ انڈسٹریل ریولوشن کے سربراہ پرشوتم کوشک اور کمیونیٹی لیڈ بزنس یش دیواکر نے کی ۔ آئی ٹی و انڈسٹریز کے پرنسپل سکریٹری جئیش رنجن ‘ ٹی ایس آئی آئی سی کے مینیجنگ ڈائرکٹر ای وی نرسمہا ریڈی اور لائف سائینسیس و فارما ڈائرکٹر شکتی ناگپن بھی شریک اجلاس تھے۔