لائیسنس کے بغیر خانگی ایجنسی چلانے والوں کو انتباہ

   

غیر مجاز ایجنسی غیر قانونی ، کمشنر پولیس سائبرآباد کا ایجنسیوں کے اجلاس سے خطاب
حیدرآباد /7 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) بغیر لائیسنس ایجنسی چلانے والے خانگی سیکوریٹی ایجنسی کے ذمہ داروں کو کمشنر پولیس سائبرآباد اسٹیفن رویندرا نے سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا اور خانگی سیکوریٹی ایجنسیوں کو مشورہ دیا کہ وہ پرائیویٹ سکیوریٹی ایجنسیز ریگولیشن ایکٹ کے تحت تمام خانگی ایجنسی لائیسنس حاصل کرلیں ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد کی جانب سے آج خانگی سیکوریٹی ایجنسیوں کے ذمہ داروں کا اجلاس طلب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی اور غیر مجاز طور پر نقلی لائیسنس رکھنے والے افراد کو سیکوریٹی ایجنسی میں مقرر نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے سیکوریٹی ایجنسی کے ذمہ داروں کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی فرد کو ملازمت پر رکھنے سے قبل اس کی مکمل جانچ کرلیں اور اطمینان کے بعد اس کو موقع فراہم کریں ۔ ہتھیار کے نقلی لائیسنس سے ملازمت حاصل کرنے والوں کو ملازمت فراہم کرنے والے بھی قصوروار ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے قوانین کی خلاف ورزی پر سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا ۔ انہوں نے سیکوریٹی ایجنسیوں کے ذمہ داروں سے کہا کہ وہ ایجنسی میں جرائم کو انجام دینے والے افراد کے ریکارڈ کو سائبرآباد سیکوریٹی کونسل کی ویب سائیٹ پر درج کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ خانگی سیکوریٹی ایجنسیوں سے متعلق ایڈیشنل ڈی سی پی سیکوریٹی وینکٹ ریڈی کو نوڈل آفیسر کی حیثیت سے مقرر کیا گیا ہے ۔ اس اجلاس میں تقریباً 100 سے زائد خانگی سیکوریٹی ایجنسیوں کے ذمہ داروں کے علاوہ بینک عہدیدار ، محکمہ لیبر اور اسسٹنٹس سکیوریٹی ونگ کے عہدیدار موجود تھے ۔ع