لارڈزٹسٹ ڈرا،اسٹوکس مین آف دی میچ

   

لندن ۔ 19 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ایشز ٹسٹ ڈرا ہوگیا جس کے باوجود پانچ میچز کی سیریز میں آسٹریلیا کو 1-0 کی برتری حاصل ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان لارڈز میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے 5 ویں دن کھیل کا آغاز 4 وکٹ کے نقصان پر 96 رنز سے کیا، بین اسٹوکس اور جوز بٹلر ٹیم کا اسکور 161 تک لے گئے، جوز بٹلر 31 رنز بنا کر آوٹ ہو ئے۔ انگلینڈ نے دوسری اننگز 5 وکٹو ں کے نقصان پر 258 پر ختم کردی۔ بین اسٹوکس نے 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ جونی بیئرسٹو 30 رنز پر ناقابل شکست رہے اور آسٹریلیا کو کامیابی کے لئے 267 رنزکا ہدف دیا۔ انگلینڈ کے آوٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں رورے برنز نے 29، جو ڈینلی 26، جیسن روئے نے 2 رنز بنائے جبکہ جو روٹ بغیرکھاتہ کھولے پویلین لوٹے۔دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 3 اور پیٹر سڈل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کا دوسری اننگز میں آغاز ناقص رہا، صرف 47 رنز پر 3 کھلاڑی آوٹ ہو گئے تھے۔ اس کے بعد جوفرا آرچر کے خطرناک باونسر سے زخمی ہونے والے اسٹیو اسمتھ کی جگہ مارنوس لابوس شین کو متبادل کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کیا تو انہوں نے آسٹریلیا کی اننگز کو سنبھالا اور ٹریوس ہیڈ کے ساتھ مل کر اسکور 132 تک پہنچایا۔ مارنوس لابوس شین 59 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ ٹریوس ہیڈ 42 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں پر 154 رنز بنا سکی۔ انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اورجیک لیچ کے حصہ میں فی کس 3 وکٹیں آئیں۔انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 258 جبکہ آسٹریلیائی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 250 رنز اسکور کئے تھے۔بین اسٹوکس میچ کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹسٹ 22 اگست کو شروع ہوگا اور اس تیسرے ٹسٹ کے لئے انگلش ٹیم کا اعلان کردیا گیا جس میں لارڈز ٹسٹ میں شرکت کرنے والی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔زخمی جیمس اینڈرسن ہنوز ٹیم سے باہر ہیں۔