لارڈس میں آج انگلینڈ اور آئرلینڈ کا تاریخی ٹسٹ

   

لندن ۔ 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آئرلینڈ کی ٹیم جوکہ آئی سی سی کی مستقل رکن ہونے کے بعد کل انگلینڈ کے خلاف لارڈس کے تاریخی میدان میں ٹسٹ مقابلہ میں شرکت کرتے ہوئے ایک اور سنگ میل عبور کرے گی۔ آئرلینڈ جس نے گذشتہ برس ہی اپنے ٹسٹ کریئر کا آغاز کیا ہے تاہم اسے ڈبلن میں کھیلے گئے اپنی تاریخ کے اولین ٹسٹ مقابلے میں پاکستان کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی جس کے بعد اسے افغانستان کے خلاف بھی شکست برداشت کرنی پڑی حالانکہ افغانستان کو بھی آئرلینڈ کے ساتھ ہی ٹسٹ موقف دیا گیا تھا۔ رواں صدی میں آئرلینڈ ایسی معروف ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کیا جس نے 2007ء میں پاکستان اور 2011ء کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کو شکست دی ہے۔ ونڈے کھیلنے والی کسی بھی ٹیم کیلئے ٹسٹ ایک خواب ہوتا ہے اور آئرلینڈ کی ٹیم کو لارڈس کے میدان پر میزبان انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے حالانکہ وہ ورلڈ کپ میں رسائی حاصل نہیں کرپائی تھی کیونکہ ورلڈ کپ کو اس مرتبہ 10 ٹیموں تک محدود کردیا گیا تھا۔ دوسری جانب انگلینڈ جس نے 44 سالہ ونڈے تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ حاصل کیا ہے۔ آئرلینڈ میں کرکٹ 19 ویں صدی میں ہی مقبولیت حاصل کرچکی تھی۔ تاہم اس ٹیم کو حالیہ برسوں میں کافی شہرت ملی ہے جس نے انگلینڈ اور پاکستان جیسی ٹیموں کو شکست دیکر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ آئرلینڈ کی ٹیم میں موجود کئی کھلاڑی کاونٹی کرکٹ کے علاوہ مقامی گھریلو کرکٹ میں بھی طویل طرز کے مقابلے کھیل چکے ہیں۔ آئرلینڈ کے کھلاڑیوں کیلئے یہ کسی خواب سے کم نہیں ہوگا کہ لارڈس کے میدان میں میزبان ٹیم کے خلاف ٹسٹ میچ کھیلے جبکہ ورلڈ کپ جیتنے والی انگلش ٹیم میں کئی اہم کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے جس میں فاسٹ بولر جوفرا آرچر آل راونڈر بین اسٹوکس اور بیٹسمین جوس بٹلر قابل ذکر ہیں۔ ونڈے کے کپتان ایان مرگن جو ٹسٹ نہیں کھیلتے ہیں ان کے مقام پر ان کے نائب کپتان جیوروٹ ٹسٹ کے قائد ہیں جن کی سرپرستی میں دنیا کے نمبر ایک بولر جیمس اینڈرسن اور اسٹیورٹ براڈ مہمان ٹیم کیلئے مسائل پیدا کرنے کیلئے کافی ہیں۔ علاوہ ازیں جیسن رائے کو ٹسٹ کریئر کے آغاز کا موقع مل رہا ہے۔