بھوپال : مدھیہ پردیش پولیس نے شیوسینا (یو بی ٹی) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کیخلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ یہ کارروائی ریاستی حکومت کی لاڈلی بہنا یوجنا کے بارے میں ان کے مبینہ طور پر گمراہ کن ریمارکس کے سلسلے میں کی گئی ہے۔بھوپال کرائم برانچ نے یہ معاملہ بی جے پی مہیلا مورچہ کی ضلع یونٹ کی صدر وندنا جاچک اور نائب صدر سشما چودھری کی شکایت پر درج کیا ہے۔ سنجے راوت کے خلاف غلط معلومات پھیلانے پر تعزیرات ہند کی دفعہ 353(2) اور تعزیرات ہند کی دفعہ 356 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔شکایت میں کہا گیا ہے کہ سنجے راوت نے جان بوجھ کر مدھیہ پردیش حکومت کی لاڈلی بہنا یوجنا کے حوالے سے افواہ پھیلانے کے لیے کہا تھا،کہ بازو میں مدھیہ پردیش ہے، جاکر دیکھئے، اسکیم کا آغاز بھی نہیں ہوا ہے۔ وہاں کے فینانس سکریٹری ہیں ان کا حکم دیکھئے ۔ یہ بہت انویلڈ اسکیم ہے جو کیا فائدہ مند ہوگی۔ مدھیہ پردیش ایک ایسی ریاست ہے جہاں لاڈلی بہنا یوجنا شروع کی گئی تھی اور اگر یہ لاڈلی بہنا یوجنا بند کر دی گئی ہے تو مہاراشٹرا میں بھی بند ہو جائے گی۔