لاک ڈاؤن سے پریشان حال خاندانوں میں اناج اور ترکاری کی تقسیم

   

کانگریس قائدین فیروز خاں اور ارشد خاں کا انسانی ہمدردی کا مظاہرہ

حیدرآباد۔/28 مارچ، ( سیاست نیوز) شہر میں کورونا وائرس کے خطرہ کے پیش نظر لاک ڈاؤن اور رات کا کرفیو کے نتیجہ میں غریب خاندان دشواریوں کا شکار ہیں۔ روز مرہ محنت مزدوری کرنے والے افراد کے علاوہ غیر منظم شعبہ کے ورکرس کو تعمیراتی سرگرمیاں بند ہونے کے نتیجہ میں مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ سرکاری دواخانوں میں مریضوں کے ساتھ رہنے والے افراد بھی کھانے کے انتظام سے محروم ہیں ۔ ان حالات میں مختلف غیر سرکاری تنظیموں نے غریب خاندانوں کیلئے اناج، چاول سبزی اور دیگر ضروری اشیاء کی تقسیم کا آغاز کیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں روزانہ تقسیم کا عمل جاری ہے۔ نامپلی اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے والے محمد فیروز خاں اور ان کے بھائی محمد ارشد خاں نائب صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی نے گزشتہ چھ دنوں سے سینکڑوں غریب خاندانوں میں اناج اور ترکاری تقسیم کی ہیں۔ اپنے ذاتی خرچ سے ہمیشہ فلاحی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے والے فیروز خاں اور ارشد خاں نے حلقہ اسمبلی نامپلی کے سلم علاقوں اور دیگر غریب بستیوں کا انتخاب کرتے ہوئے غریب خاندانوں میں تقسیم کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ کم از کم ایک ماہ کا اناج فراہم کیا جارہا ہے جس میں چاول، دال اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں اس کے علاوہ ترکاری کم از کم تین چار دن تک باآسانی استعمال کی جاسکتی ہے۔ کئی غریب خاندانوں نے فیروز خاں اور ارشد خاں کو دعائیں دیں اور کہا کہ علاقہ کے عوامی نمائندوں نے انہیں نظرانداز کردیا۔ جب کبھی نامساعد حالات پیدا ہوتے ہیں فیروز خاں اور ان کے افراد خاندان مدد کیلئے غریبوں کے درمیان پہنچ جاتے ہیں۔ محمد ارشد خاں نے اس موقع پر بتایا کہ خالص عوامی خدمت کے جذبہ کے تحت یہ کام انجام دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں غریبوں کی خدمت سے دلی تسکین حاصل ہوتی ہے اور موجودہ حالات کے علاوہ عام حالات میں بھی فیروز خاں غریبوں کی ہر طرح سے مدد کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر لاک ڈاؤن کا سلسلہ طویل ہوتا ہے تو تقسیم کا عمل بھی جاری رہے گا۔ ارشد خاں مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے غریبوں سے ملاقات کرنے کے بعد حقیقی ضرورت مندوں کی نشاندہی کرتے ہوئے امداد تقسیم کی جارہی ہے۔