لاک ڈاون میں نرمی کے بعد ریاست میں 6000 بسیں چلائی گئیں

,

   

زیادہ تر بسوں کی جوبلی بس اسٹیشن سے آمد و رفت ۔ املی بن بس اسٹیشن میں سرگرمیاں ہنوز ٹھپ

حیدرآباد۔19مئی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے لاک ڈاؤن میں توسیع اور رعایتوں کے بعد آج پہلے دن شہر حیدرآباد کے سواء ریاست کے دیگر اضلاع میں 6000بسیں چلائی گئیں اور سماجی فاصلہ کی برقراری اور ایک نشست پر ایک مسافر کو بیٹھانے کے انتظامات کے ساتھ ہی صبح 6 بجے خدمات کا آغاز کیا گیا ۔ شہر میں بس خدمات کو شروع نہیں کیا گیا جس کے سبب املی بن بس اسٹیشن پر کوئی سرگرمیاں دکھائی نہیں دی گئی بلکہ شہر کے قریب تر بس اسٹیشن میں جوبلی بس اسٹیشن سکندرآباد سے کئی بسیں چلائی گئیں۔ دونوں شہر وں سے اضلاع کو جانے کے خواہشمند مسافرین کو جوبلی بس اسٹیشن پہنچنا پڑا جہاں انہیں چہرے پر ماسک لگائے بغیر بس اسٹیشن میں داخل ہونے نہیں دیا گیا اور بس میں سوار ہونے پر بھی انہیں چہرے پر ماسک لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے علاوہ ازیں بس میں سوار ہونے والے مسافرین کو بس ڈرائیور کے پاس موجود سینیٹائزر سے ہاتھ صاف کرنے ہوںگے۔ مسٹر یادگیری ایکزیکیٹیو ڈائرکٹر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے بتایا کہ کسی بھی مقام پر بس خدمات کے آغاز کے ساتھ ہی ہجوم کے امڈ آنے کی کوئی شکایات موصول نہیں ہوئی ہیں بلکہ ریاست کے کئی اضلاع میں بس اسٹیشن پر مسافرین کی معمولی تعداد دیکھی گئی۔ شہر حیدرآباد میں بسوں کے داخلہ پر امتناع کے سبب محبوب نگر سے حیدرآباد کی سمت آنے والی بسوں کو آرام گھر چوارہے پر روک دیا جا رہاہے اور مسافرین کو وہیں اتاردیا جانے لگا ہے اسی طرح وقارآباد‘ تانڈورکی سڑک سے حیدرآباد پہنچنے والے مسافرین کو
APPA
جنکشن پر روک دیا جارہا ہے اور بسوں کو وہیں سے واپس کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ورنگل اور یادادری سے حیدرآباد پہنچنے والی بسوں کو اپل چوراہے پر روکا جار ہاہے اور وہیں سے مسافرین کو اتارنے کے بعد بسوں کو روانہ کردیا جا رہاہے ۔ نلگنڈہ ‘ سوریا پیٹ اور کھمم سے حیدرآباد کی سمت آنے والی بسوں کو حیات نگر پر روکا جا رہاہے اور شہر پہنچنے والے مسافرین کو حیات نگر پر اتاردیا جا رہاہے ۔

آرٹی سی کے ذرائع کے مطابق شہر میں کریم نگر‘ عادل آباد اور نظام آباد سے حیدرآباد پہنچنے والی بسو ںکو جوبلی بس اسٹیشن تک پہنچنے کی اجازت ہے اور حیدرآباد پہنچنے والے مسافرین کو جوبلی بس اسٹیشن پر اتارا جا رہا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بس خدمات کے آغاز کے پہلے دن مسافرین کے ہجوم نہ ہونے سے صورتحال پر قابو پانے میں کسی طرح کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا بلکہ مسافرین کی جانب سے تمام امور کا خیال رکھا گیا جو کہ تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کیلئے بہت بڑی راحت کا سبب بنا ۔ شہر میں آرٹی سی خدمات کی بحالی کے سلسلہ میں کہا جارہا ہے کہ حکومت کی جانب سے 31مئی سے قبل اس سلسلہ میں کسی بھی طرح کا فیصلہ لئے جانے کی توقع نہیں ہے کیونکہ حکومت کے احکامات میں واضح کہا جارہا ہے کہ حیدرآباد میں حالات قابو میں نہیں ہیں اسی لئے حیدرآباد میں بس خدمات کی بحالی کا فیصلہ نہیں کیا گیا ۔