لاک ڈاؤن سے غریب عوام مشکل کا شکار : عمران خان

   

اسلام آباد ۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن سے غریب عوام مشکل کا شکار ہو رہے ہیں، جہاں کوروناکی شرح زیادہ ہے وہاں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگائیں۔ وزیراعظم عمران خان نے عوام کے ٹیلی فونک سوالات کے براہ راست جواب دیتے ہوئے کہا پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر آئی ہوئی ہے، ڈیلٹا ویرینٹ سب سے زیادہ خطرناک ہے، کورونا سے نمٹنے کے بہترین اقدامات میں پاکستان تین ملکوں میں ایک ہے۔ عمران خان نے کہا کہ سوائے پاکستان کے ساری دنیا میں رمضان میں مساجد بند ہوئیں، ایس او پیز میں سب سے آسان ماسک پہننا ہے، بند جگہ میں جہاں لوگ زیادہ ہیں وہاں ماسک پہنیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی کوشش تھی لاک ڈاؤن کردیں جبکہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ بالکل درست ہے جبکہ ہمیں یہ بھی دیکھنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں غریب طبقہ کیسے گزارا کرے گا لیکن جب ان سوالات کا جواب نہ ہو تو کبھی لاک ڈاؤن نہ کریں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہندوستانی حکومت نے سوچے سمجھے بغیر لاک ڈاؤن کردیا، ہندوستانی حکومت نے پیسے والے طبقے کا سوچا، آج ہماری اور ہندوستان کی معیشت کا فرق دیکھ لیں۔