لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گولی مار دو

,

   

بی جے پی رکن اسمبلی کا متنازعہ بیان، گولی مارنے والے پولیس ملازمین کیلئے انعام کا اعلان

نئی دہلی 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش غازی آباد سے بی جے پی رکن اسمبلی نے پولیس سے کہا ہے کہ وہ اُن لوگوں کو گولی مار دے جو کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے 21 دن کے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے پائے جائیں۔ رپورٹس کے مطابق نند کشور گرجر نے خلاف ورزی کرنے والوں کو گولی مارنے والے ہر پولیس والے کو 5100 روپئے کا نقد انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو ’’غدارِ وطن‘‘ قرار دیتے ہوئے گرجر نے کہاکہ ’’پولیس کو ان کے پاؤں توڑ دینے چاہئے … اگر وہ احکامات پر عمل نہیں کرتے ہیں تو پولیس کو ان کے پاؤں میں گولی مار دینی چاہئے۔ گرجر نے کہاکہ مسجد میں نماز ادا کرنے والے مسلمانوں سے پولیس کو سختی سے نمٹنا چاہئے اور اگر ضروری ہو تو انھیں گولی مار دینی چاہئے۔ انھوں نے کہاکہ ’یہ میری جانکاری میں آیا ہے کہ مسلمان مسجدوں میں اکٹھا ہوتے ہیں … پولیس کو ان سے سختی سے نمٹنا چاہئے۔رکن اسمبلی نے ایودھیا میں ہونے والے رام نومی کی تقریب کا ذکر نہیں کیا، جس میں وزیراعظم مودی کے ملک گیر لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے حصہ لیا تھا۔ گرجر نے یہ بھی کہاکہ وہ اس کے لئے ہر پولیس ملازم کو 5100 روپئے کا انعام دیں گے اور حکومت سے ان کی سفارش بھی کریں گے۔ المیہ یہ ہے کہ گرجر نے ڈسمبر 2019 ء میں اپنی ہی بی جے پی حکومت کے خلاف اترپردیش اسمبلی میں دھرنا دیا تھا اور غازی آباد پولیس انتظامیہ پر استحصال کا الزام لگایا تھا۔ وہیں، کچھ ہفتے پہلے گرجر نے دعویٰ کیا تھا کہ کورونا وائرس گاؤ شالاؤں اور رام راجیہ والے مقامات پر داخل نہیں ہوپائے گا۔