لبنان میں حزب اللہ کے اہم اتحادیوں کو شکست

,

   

بیروت : لبنان کے وزیر داخلہ بسام مولوی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران 15 میں سے چار انتخابی اضلاع کے سرکاری نتائج کا اعلان کیا ہے۔پہلے جنوبی ضلع کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ حزب اللہ اور اس کے اتحادیوں نے کوئی نشست حاصل نہیں کی۔ دریں اثناء پارلیمان کے حزب اللہ کے حمایت یافتہ ڈپٹی سپیکر ایلی فرزلی پارلیمانی انتخابات میں اپنی نشست ہار گئے۔ لبنانی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ نتائج یکے بعد دیگرے ظاہر ہوں گے۔ حتمی نتائج کی تصدیق کے بعد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹروں کا ٹرن آؤٹ اچھا رہا ہے اور پچھلے پارلیمانی انتخابات کے مقابلے کم نہیں ہے۔لبنان میں پارلیمانی انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کا عمل آج پیر کو جاری رہیگا اور مجموعی طور پر 128 پارلیمانی حلقوں کے نتائج کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ’لبنانی فورسز پارٹی‘نے بیس نشستیں جیتی ہیں۔ یہ لبنان میں عیسائی برادری کی بڑی سیاسی جماعت ہے۔ اس کے علاوہ فری پیٹریاٹک موومنٹ نے 16 نشستیں حاصل کی ہیں۔ابتدائی نتائج نے یہ بھی اشارہ کیا کہ کم از کم پانچ دیگر آزاد امیدوار جنہوں نے اصلاحاتی پروگرام کی بنیاد پر انتخابی مہم چلائی تھی جیت گئے۔آج کے ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ حزب اللہ اور اس کے اتحادیوں کو انتخابات میں بہ ظاہر کچھ نقصان ہوا کیونکہ ان کے مخالفین میں سے کچھ نے نشستیں حاصل کیں اور ان کے کچھ روایتی ساتھی قانون ساز کونسل کے انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔