لداخ کے علاقے میں چینی مداخلت نہیں ہوئی: بپن راوت

,

   

نئی دہلی ۔ 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فوج کے سربراہ بپن راوت نے کہا ہے کہ لداخ کے دیم چوک سیکٹر میں چینیوں نے کوئی دراندازی نہیں کی ہے۔ راوت نے ایک تقریب کے موقع پر کہا: ’’کوئی دراندازی نہیں ہوئی ہے‘ ‘۔ اُن کا یہ بیان ایسی اطلاعات کے درمیان منظر عام پر آیا ہے کہ چینی سپاہیوں نے گزشتہ ہفتے حقیقی خط قبضہ (LAC) کے پاس دراندازی کی تھی، جب وہاں 6 جولائی کو دلائی لاما کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں تبتی پرچم لہرائے گئے تھے۔ فوج کے سربراہ نے مزید کہا کہ چینی سپاہی ایل اے سی پر پٹرولنگ کیلئے آئے تھے لیکن ہم نے انہیں روک دیا ۔ تین باشندے لداخ کے دیم چوک سیکٹر میں دلائی لاما کی سالگرہ کا جشن منارہے تھے جس کی اطلاع موصول ہونے پر وہ وہاں جوکچھ ہورہا تھا دیکھنے آئے تھے ۔ لیکن یہ کوئی دراندازی نہیں تھی بلکہ سب کچھ معمول کا عمل تھا۔ ہندوستان اور چین کے درمیان سرحدی تنازعہ ہے اور ماضی قریب میں دونوں ملکوں کی افواج 73 دن تک ایک دوسرے کے مدمقابل آگئی تھیں ۔ وزارت دفاع کے دفتر ساؤتھ بلاک نے جمعہ کو اس ضمن میں وضاحت کی تھی کہ چینیوں نے کوئی دراندازی نہیں کی بلکہ وہ اپنے حدود میں معمول کی گشت کررہے تھے ۔