پاپوا نیو جینیا میں 840 زبانیں ، ہندوستان 450 زبانوں کی موجودگی کے ساتھ چوتھے مقام پر
حیدرآباد ۔30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کسی بھی ملک کی عظیم تہذیب ، ثقافت ، تاریخ اور روایات کا اندازہ اُس ملک میں زبانوں کی موجودگی سے ہوتاہے۔ لسانی اعتبار سے متنوع ممالک میں10 ایسے ہیں جہاں 200 سے زائد زبانیں بولی جاتی ہیں۔ جس قدر زائد زبانیں رہیں گی ، اس ملک میں اتنی زیادہ تہذیب اور ثقافت کے مظاہرے کے ذریعہ ملک کی عظمت کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ یوں تو مختلف شعبہ جات میں دنیا کے سرکردہ اور بڑے ممالک نے اپنی شناخت بنائی ہے لیکن لسانی تنوع کے اعتبار سے پاپوا نیو جینیا (Papua New Guinea) کو سبقت حاصل ہے، جہاں 840 سے زائد زبانیں بولی جاتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 840 سے زائد زبانوں کی موجودگی والا یہ ملک دنیا میں زیادہ مقبول نہیں ہے کیونکہ معاشی ، تجارتی اور فوجی طاقت کے اعتبار سے یہ ملک دوسروں سے مسابقت کے موقف میں نہیں ہے۔ متعدد زبانوں کی موجودگی کے اعتبار سے انڈونیشیا دنیا کا دوسرا ملک ہے جہاں 720 سے زائد زبانیں بولی جاتی ہیں۔ نائجیریا 530 زبانوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ ہندوستان جو دنیا میں اپنی عظیم تہذیب ثقافت کے لئے شہرت رکھتا ہے، وہاں 450 سے زائد زبانیں بولی جاتی ہے اور اسے دنیا میں متعدد زبانوں والا چوتھا ملک قرار دیا گیا ہے ۔ امریکہ میں 330 تا 360 زبانیں بولی جاتی ہیں جبکہ آسٹریلیا لسانی تنوع کے اعتبار سے 310 تا 320 زبانوں کو اپنے میں سموئے ہوئے ہیں۔ چین میں 300 سے زائد زبانیں بولی جاتی ہیں۔ حالانکہ چین کے شہری اور حکمراں اپنی زبان میں بات کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ میکسیکو میں 290 ، کیمرون 270 اور برازیل میں 220 سے زائد زبانیں موجود ہیں۔ زبانوں کے تحفظ کے ذریعہ ان کی تہذیب اور روایات کے تحفظ میں مدد ملتی ہے اور زبانوں کی تاریخ بھی اپنی جگہ اہمیت کی حامل ہے۔ دنیا کی کئی یونیورسٹیز نے زبانوں کی تخلیق اور اُن کی وسعت پر ریسرچ کا اہتمام کیا ہے ۔ مختلف ممالک میں سرکاری طور پر طئے شدہ زبانیں مختلف ہیں لیکن دیگر زبانوں کو بھی سرکاری سطح پر سرپرستی حاصل ہے۔ دنیا بھر میں 800 سے زائد زبانوں کی موجودگی مختلف تہذیبوں ، ثقافت اور تاریخ کی مثال ہیں۔1/k/m/b