حسین ساگر کو مزید پرکشش بنانے کے اقدامات ، 5 کروڑ کی لاگت ، ٹنڈرس کی طلبی
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تاریخی پس منظر رکھنے والے حسین ساگر ’ٹینک بینڈ ‘ کو مزید پرکشش بنانے ایچ ایم ڈی اے نے خصوصی پلان تیار کیا ہے ۔ لمبنی پارک اور این ٹی آر گارڈن کو ایک دوسرے سے جوڑنے کے لیے لینڈ اسکیپ آرکیٹکٹ کے ذریعہ ڈیزائن تیار کیا گیا ہے ۔ جس پر 5 کروڑ روپئے کے مصارف ہیں اور ان کاموں کی انجام دہی کے لیے ٹنڈرس بھی طلب کرلیے گئے ۔ 30 جون تک ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے ۔ شہر کے قلب میں واقع حسین ساگر کو بڑے پیمانے پر ترقی دی جارہی ہے ۔ اور یہ شہر کے سب سے بڑے سیاحتی مرکز میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ جہاں ویک ینڈ پر 2.20 لاکھ سے زائد لوگ سیر و تفریح کے لیے پہونچتے ہیں ۔ سینکڑوں ایکڑ پر پھیلے ہوئے سنجیویا پارک ، جل وہار ، پی وی گھاٹ ، تھرل سٹی ، نائیٹ بازار کے علاوہ دیکھنے کے لیے اور بھی خوبصورت مقامات ہیں ۔ حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اربن اتھاریٹی کی جانب سے انہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی دینے خصوصی انتظامات کی تجویز ہے ۔ اسی حصہ کے طور پر حکومت نے لمبنی پارک اور این ٹی آر گارڈن کو جوڑنے کے لیے ایک مربوط ماسٹر پلان کے ڈیزائن پر کام شروع کیا ہے ۔ حسین ساگر کا سارا ساحلی علاقہ سیاحت کے لیے انتہائی پرکشش ہے ۔ ایچ ایم ڈی اے اس سارے علاقہ کو بین الاقوامی معیار کے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے حسین ساگر کے اردگرد خصوصی انتظامات کررہا ہے۔ ٹینک بینڈ اور اس کے اطراف و اکناف کے پارکس اور خالی جگہوں کو جوڑنے کے لیے جدید ترین تھیمز کے ساتھ کھیلوں پر مبنی مراکز قائم کرے گا ۔ اس پر 5 کروڑ روپئے کے مصارف ہیں ۔۔ ن