وارسا: پولینڈ سے لندن جانے والے ایک مسافر طیارے میں بم کی اطلاع پراس پرواز کے پائلٹ کو جرمن شہر پاڈربورن میں ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہونا پڑا۔ اس طیارے میں عملے کے ارکان سمیت دو سو سے زائد مسافر سوار تھے۔حکام نے بتایا کہ ہنگامی لینڈنگ اس لیے کروائی گئی تا کہ پولیس طیارے کی مکمل تلاشی لے سکے۔ طیارے کو اتارنے کا مطالبہ پولش ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے بم کے خطرے کے بارے میں اطلاع ملنے کے بعد کیا گیا۔پولیس کا کہنا تھا کہ ہنگری کے ایک کیریئر کے ذریعے چلنے والے ایئربس اے 321 طیارے کی تلاشی کے دوران کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔ یہ طیارہ اتوار کو دیر گئے مغربی پولینڈ کے شہر پوسن سے لندن کے لوٹن ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہوا تھا۔ اسے رات دس بج کر پانچ منٹ پر پاڈربورن- لِپشٹڈ کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کے لیے مجبور ہونا پڑا۔طیارے کی مکمل تلاشی کے لیے پولیس کے خصوصی طور پر تربیت یافتہ کتوں کا استعمال کیا گیا۔ بم کی اطلاع سے متعلق ٹیلی فون کے ذریعے موصول ہونے والی دھمکی کی مزید معلومات فی الحال دستیاب نہیں ہو سکیں۔ پولیس نے کہا کہ پیر کو اپنا سفر جاری رکھنے سے پہلے 199 مسافروں اور عملے کے 7 ارکان کو رات بھر مختلف ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا۔