لندن : لندن میں ہیتھرو ایئرپورٹ پر بارڈر فورس ورکرز یونین نے تصدیق کی ہے کہ کام کرنے کے حالات کے سبب کارکنان ایک بار پھر چار روزہ ہڑتال کریں گے ۔ یہ ہڑتال ہفتہ کے روز شروع ہو گی۔العربیہ کے مطابق ایئرپورٹ کے ٹرمینل نمبر 2 تا 5 پر کام کرنے والے پبلک اینڈ کمرشل سروسز یونین (پی سی ایس یو) کے تقریبا 650 کارکنان ہڑتال کریں گے ۔ اس کے بعد 4 ستمبر سے وہ اوور ٹائم کرنے سے انکار کر دیں گے ۔ یونین کی جانب سے کرائے گئے ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ ہر 5 میں سے 4 کارکنان کام کی زیادتی اور دباؤ محسوس کرتے ہیں۔ یونین کی خاتون سکریٹری جنرل فران ہیتکوٹ کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اس مسئلے کو آسانی سے حل کر سکتی ہے اگر وہ زیادہ لچک دار نظام الاوقات فراہم کرے اور ایسے شفٹوں کی منظوری دے جن سے ہمارے کارکنان کو اپنی ذمے داریوں کی منصوبہ بندی کا موقع مل سکے ۔ دوسری جانب وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمارے ذمہ داران کی ورکرز یونین کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔