لنگر حوض دوہرے قتل میں 5 افراد گرفتار

   

حیدرآباد ۔8۔ جون (سیاست نیوز) لنگر حوض دوہرے قتل معمہ کو حل کرتے ہوئے ٹاسک فورس نے 5 خاطیوں بشمول ایک روڈی شیٹر کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کمشنر نے ایک بیان میں بتایا کہ 5 مئی کی شب گولکنڈہ کے روڈی شیٹر شیخ محمد احمد عرف چاؤش اور اس کا ساتھی سید فیاض الدین عرف ابو کا تعاقب کرکے قتل کردیا تھا ۔ رقمی لین دین اس کی وجہ تھی ۔ مقتول محمد احمد نے اپنے دوست اعظم کو کار دی تھی جو حادثہ کا شکار ہوگئی تھی ۔ مقتول نے اعظم سے کار کی مرمت کیلئے دو لاکھ روپئے طلب کئے تھے لیکن اعظم رقم ادا نہ کرسکا ۔ مقتول ہر مہینہ 10 فیصد رقم یعنی 20,000 روپئے ادا کررہا تھا لیکن لاک ڈاون کے نتیجہ میں وہ چند مہینوں سے رقم ادا نہ کرسکا۔ اسی دوران اعظم نے اپنے دوست احمد علی خان عرف اشرف عرف اشو کے ساتھ ممبئی میں ڈانس کلب شروع کرنے کا مقتول کو مشورہ دیا لیکن اشو کو یہ شبہ تھا کہ مقتول شیخ محمد احمد اس کا قتل کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے جسکے نتیجہ میں اشو نے اپنے ساتھیوں ہاشم عرف ہشو جو بنجارہ پولیس کا روڈی شیٹر ہے، محمد شہباز ، عبدالصمد ، محمد اکبرالدین ، محمد سعید ، زبیر اور اکرم کی مدد سے 5 مئی کی شب شیخ محمد اور ابو کا تعاقب کرکے ان کی موٹر سیکل کو ٹکر دے دی اور بعد ازاں تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کر کے انہیں ہلاک کردیا۔ پولیس نے اس کیس کو چیلنج کے طور پر لے کر اندرون دو یوم 5 خاطیوں کو گرفتار کرلیا جبکہ محمد سعید ، زبیر اور اکرم مفرور بتائے جاتے ہیں۔