بھوپال : مدھیہ پردیش میں لوو جہاد کو روکنے کے لئے ہندو تنظیموں کے بعد اب مدھیہ پردیش علما بورڈ نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ مدھیہ پردیش علما بورڈ کا ماننا ہے کہ صرف شادی کرنے کے لئے اپنے مذہب کو تبدیل کرنا اچھا عمل نہیں ہے اور اسلام بھی صرف شادی کے لئے مذہب کی تبدیلی کی اجازت نہیں دیتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ مدھیہ پردیش میں لوو جہاد کو روکنے کے لئے علما بورڈ کے ذریعہ صوبہ کے سبھی قاضیوں کو نہ صرف اس سلسلے میں مکتوب لکھا جا رہا ہے بلکہ بعض مقامات پر لوو جہاد کی شکایت کی جانچ کرنے کی بھی بات کی گئی ہے۔ مدھیہ پردیش علما بورڈ کے صدر سید انس علی ندوی کہتے ہیں کہ لوو جہاد کے معاملے پر غور کے لئے علماء بورڈ کور گروپ کی میٹنگ کا بھوپال میں انعقاد عمل میں لایا گیا۔ ہمارے ملک ہندستان اور بالخصوص مدھیہ پردیش میں لوو جہاد کے معاملے بالکل نہیں ہونے چاہئیں۔