لوک سبھا الیکشن میں انڈیا الائنس کو مسلم لیگ کی تائید

   

حیدرآباد۔/14 اپریل، ( سیاست نیوز) انڈین یونین مسلم لیگ نے لوک سبھا انتخابات 2024 میں انڈیا الائینس امیدواروں کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ میں مسلم لیگ نے کانگریس امیدواروں کی تائید کا اعلان کیا تاکہ سیکولرازم اور اقلیتوں کے مفادات کا تحفظ ہو۔ صدر پردیش کانگریس و چیف منسٹر ریونت ریڈی اور تلنگانہ انچارج دیپا داس منشی کو مسلم لیگ کے ریاستی صدر محمد شکیل ایڈوکیٹ کی جانب سے مکتوب روانہ کرتے ہوئے تائید کی اطلاع دی گئی۔ لوک سبھا چناؤ کے سلسلہ میں مسلم لیگ کے ریاستی پارلیمانی بورڈ نے کانگریس کی تائید کا فیصلہ کیا۔ پارلیمانی بورڈ کے صدرنشین محمد شکیل ایڈوکیٹ ہیں جبکہ ارکان میںعبدالرؤف جنرل سکریٹی ، مظہر شہید نائب صدر، احمد بن علی الکثیری نائب صدر، زاہد زبیدی خازن اور شیخ مجاہد سکریٹری شامل ہیں۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ پارٹی نے قومی سطح پر انڈیا الائنس کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ انڈین یونین مسلم لیگ کے قومی صدر پروفیسر کے ایم قادر محی الدین نے ریاستی کمیٹی کے فیصلہ کی توثیق کی ہے۔1