لوک سبھا انتخابات کے بعد مودی کبھی وزیراعظم نہیں بنیں گے

,

   

بی جے پی اقتدار سے بے دخل ہوجائے گی، مغربی بنگال کے علاقے چوپرا میں چیف منسٹر ممتا بنرجی کا جلسہ عام سے خطاب
چوپرا (مغربی بنگال)۔10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر ترنمول کانگریس و چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات بی جے پی کو اقتدار سے بے داخل کردیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ نریندر مودی آئندہ کبھی بھی ملک کے دوبارہ وزیراعظم نہ بن سکیں۔ ترنمول کانگریس آئندہ حکومت کی تشکیل میں جو مرکز میں قائم ہوگی مدد کرے گی۔ انہوں نے دعوی کیا اور عوام پر زور دیا کہ وہ ترنمول کانگریس کی تائید میں اپنی رائے دیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ جو انتخابات کا انتہائی اہم وقت ہے۔ یہ انتخابات بی جے پی کو شکست دینے کے لیے ہیں۔ اسے اقتدار سے بے دخل کردینے کے لیے ہیں۔ یہ انتخابات اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہیں کہ نریندر مودی دوبارہ کبھی ملک کے وزیراعظم نہ بن سکیں۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وہ (بی جے پی) واپس کبھی نہ آئے۔ ممتا بنرجی ایک انتخابی جلسہ سے شمالی ڈیناج پور کے علاقے میں خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ حکومت کی تشکیل ترنمول کانگریس کی جانب سے ہوگی۔ ہم ملک سے بی جے پی کو نکال باہر کریں گے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ ترنمول کانگریس کی تائید میں رائے دیں۔ مودی پر تنقید کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے چار سال سے وزیراعظم بیرونی ممالک کے دورے کرتے رہے۔ اچانک ان کا ضمیر جاگا اور انہیں ملک کے عوام کی فلاح و بہبود کی فکر ہوئی۔ پانچ سال قبل وہ دعوے کررہے تھے اور اب اچانک چوکیدار بن گئے۔ انتخابات کے بعد عوام انہیں جہاں پائیں گے وہاں نظرانداز کردیں گے۔ ساڑھے چار سال تک وہ دنیا بھر میں گھومتے رہے اور اب انہیں یہاں روزگار کی فکر ہورہی ہے۔ کاشتکار ہلاک ہوچکے ہیں کیوں کہ وہ اپنے قرض ادا نہیں کرسکے تھے۔ اس وقت وہ خاموش رہے جبکہ لوگوں کو زدوکوب کرکے ہلاک کیا جارہا تھا۔ میں انہیں (مودی کو) داغاباز قرار دیتی ہوں اور لٹیرا کہتی ہوں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی کا کوئی بھی شخص ناتو کانگریس اور نا سی پی آئی ایم، گزشتہ پانچ سال سے دارجیلنگ کا دورہ کرنے سے قاصر رہے جبکہ انہوں نے تقریباً ہر مہینہ اس پہاڑی علاقے کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دارجیلنگ لوک سبھا حلقہ حال ہی میں دو متصادم گروہوں گورکھا جنمکتی مورچہ جس کے صدر اس کے قائد بمکل گرنگ ہیں اور ان کے سابق سرپرست کی زیر قیادت بنئے لامانگ کے درمیان دوستانہ مقابلہ بھی دیکھا جائے گا۔ مغربی بنگال میں برسر اقتدار ترنمول کانگریس ہنوز دارجیلنگ کی نشست سے اس کے قیام سے اب تک کامیاب نہیں رہی۔ بی جے پی دو مرتبہ اس نشست سے کامیابی حاصل کرچکی ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ اس بات وہ عوام پر زور دیتی ہیں کہ وہ ترنمول کانگریس کے امیدوار کی تائید میں اپنا ووٹ استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس نشست کے لیے ترنمول کانگریس کے یہی امیدوار ہیں۔ ممتا بنرجی اپوزیشن اتحاد میں شامل ہونے کے بعد مسلسل بی جے پی اور مودی پر سخت تنقید کرتی آرہی ہیں۔