لوک سبھا حلقہ امیٹھی کیلئے راہول گاندھی کی نامزدگی کا آج ادخال

   

امیٹھی۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی لوک سبھا نشست امیٹھی کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی چہارشنبہ 10 اپریل کو داخل کریں گے اور اس موقع پر حلقہ میں روڈ شو بھی منعقد کریں گے، پارٹی ذرائع نے آج یہ بات کہی۔ کانگریس کے ترجمان ضلع یونٹ انیل سنگھ نے کہا کہ صدر کانگریس کے ہمراہ انی کی ماں اور یوپی اے چیرپرسن سونیا گاندھی اور بہن پرینکا گاندھی پرچہ نامزدگی داخل کرتے ہوئے ساتھ ہوں گے۔ کانگریس سربراہ نامزدگی داخل کرنے سے قبل حلقہ امیٹھی میں تین کیلو میٹر طویل روڈ شو منعقد کریں گے۔ راہول گاندھی اس حلقہ کے موجودہ نمائندہ ہیں۔ اس مرتبہ بھی انہیں بی جے پی کی سمرتی ایرانی سے مقابلہ ہے جو امکان ہے ایک روز بعد جمعرات کو اپنے کاغذات نامزدگی داخل کریں گی۔