نئی دہلی : صدر دروپدی مرمو کے بارے میں لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری کے بیان پر آج لوک سبھا میں زبردست ہنگامہ ہوا جس کی وجہ سے وقفہ سوالات کے بعد زیرواوور میں بھی خلل پڑا۔ لوک سبھا کی کارروائی ایک بار کے التواء کے بعد جیسے ہی 12 بجے شروع ہوئی، حکمراں پارٹی کی طرف سے کانگریس پرحملہ شروع ہوگیا۔ جواب میں کانگریس کی طرف سے بھی کافی ہنگامہ ہوا جس کی وجہ سے ایوان میں کچھ سنائی نہیں دیا۔حکمراں جماعت کی طرف سے صرف یہی سنا گیا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی کو ایوان میں پارٹی کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری کے بیان پر معافی مانگنی چاہئے ۔دونوں طرف سے زبردست ہنگامہ آرائی کو دیکھتے ہوئے پریذائیڈنگ آفیسر راجندر اگروال نے ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے پانچ منٹ کے اندر ہی ملتوی کر دی۔