لوک سبھا چناؤ کی انتخابی مہم کا کل تکوگوڑہ سے آغاز: اتم کمار ریڈی

   

راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے انتخابی منشور جاری کریں گے، پارٹی قائدین کے ساتھ ریاستی وزیر کا اجلاس
حیدرآباد 4 اپریل (سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائیز و آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 6 اپریل کو تکو گوڑہ میں کانگریس کی جنا جاترا سبھا کیلئے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ کی انتخابی مہم کا حیدرآباد سے آغاز ہوگا اور کانگریس کے قومی قائدین جلسہ عام میں شرکت کریں گے ۔ پارٹی کا قومی انتخابی منشور جاری کیا جائے گا جس میں عوام سے 6 مختلف وعدے کئے جارہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے کی موجودگی میں منشور جاری کیا جائے گا ۔ انہوں نے عوام اور پارٹی کارکنوں سے جلسہ عام میں بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی ۔ نلگنڈہ پارلیمانی حلقہ سے 50,000 ورکرس جلسہ عام میں شریک ہوں گے۔ اتم کمار ریڈی نے ضلع کانگریس صدور اور ضلع سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے کارکنوں کی روانگی کے انتظامات کو قطعیت دی۔ انہوںنے کہا کہ مجوزہ لوک سبھا چناؤ ملک کیلئے کافی اہمیت کے حامل ہیں۔ مرکز میں بی جے پی نے جمہوریت کو پامال کردیا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں اور پارلیمانی جمہوریت کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ عوام کی نجی آزادی خطرہ میں پڑچکی ہے ۔ مودی حکومت نے پارلیمانی ، جمہوری اور دستوری اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کی ہے۔ اپوزیشن کے خلاف انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ، سی بی آئی اور انکم ٹیکس جیسے اداروں کا استعمال کرتے ہوئے مخالف آوازوں کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کانگریس پارٹی نے ملک کی آزادی کیلئے جدوجہد کی تھی اور آزاد ملک میں جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد کر رہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ میں لوک سبھا کی 14 نشستوں پر کانگریس کو کامیابی حاصل ہوگی ۔ 1