لوک سبھا کے ساتھ چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کا اعلان

,

   

سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو حدود سے تجاوز نہ کرنے اور قواعد پر عمل کی ہدایت:چیف الیکشن کمشنر
نئی دہلی :چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے دونوں کمشنروں گیانیش کمار اور سکھبیر سنگھ سندھو کی موجودگی میں آج وگیان بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس میں تمام 543 لوک سبھا سیٹوں کے ساتھ ساتھ سکم، اروناچل پردیش، اڈیشہ اور آندھرا پردیش کے اسمبلی انتخابات اور مختلف ریاستوں کی اسمبلیوں کی 26 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے شیڈول کاا علان کیا۔ انہوں نے کہا کہ چار ریاستوں (اوڈیشہ، سکم، اروناچل پردیش اور آندھرا پردیش) میں اسمبلیوں کی مدت جون کی مختلف تواریخ میں ختم ہو رہی ہے۔پریس کانفرنس کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے اطلاع دی کہ اوڈیشہ میں پولنگ چار مراحل میں ہوگی جبکہ دیگر تین ریاستوں سکم، اروناچل پردیش اور آندھرا پردیش میں پولنگ ایک ایک مرحلہ میں مکمل ہوگی۔ سکیم اور اروناچل پردیش میں ووٹنگ 19 اپریل کو، آندھرا پردیش 13 مئی کو جبکہ اڈیشہ میں 13 مئی، 20 مئی اور 25 مئی کو ہوگی۔خیال رہے کہ آندھرا پردیش میں 175 اسمبلی سیٹوں پر، اروناچل پردیش میں 60 سیٹوں، سکم میں 32 سیٹوں پر اور اوڈیشہ میں 147 سیٹوں پر رائے دہی ہوگی۔ تمام ریاستوں کیلئے ووٹوں کی گنتی 4 جون کو کی جائے گی اور اسی دن نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ادھر لوک سبھا انتخابات کی بات کریں تو 7 مراحل کی پولنگ کا 19 اپریل سے آغاز ہوگا۔ تمام سیٹوں کے ووٹوں کی گنتی 4 جون ہوگی اور اسی دن نتائج کا اعلان بھی کر دیا جائے گا۔مرکزی الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ لوک سبھا انتخابات 2024 اور آندھرا پردیش سمیت 4 ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کی مہم میں اپنی حدود سے تجاوز نہ کریں۔ انتباہ دیا ہے کہ انتخابی قواعد پر عمل کرنا ضروری ہے۔ یہ بات چیف الیکشن کمشنر نے انتخابی شیڈول کے اعلان کے دوران کہی۔راجیو کمار نے کہا کہ ہم نے انتخابی ضابطہ کے نفاذ کے حوالے سے زمینی سطح پر تیاری کی ہے اور ہم نے سیاسی جماعتوں پر توجہ مرکوز کی ہے۔ انہوں نے ذکر کیا کہ ہم نے پہلے ہی تجویز دی ہے کہ پارٹی کے تمام اسٹار کمپینرز کو الیکشن کمیشن کے رہنما خطوط کی کاپیاں دی جانی چاہئیں۔ راجیو کمار نے کہا کہ یہ سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتخابی اصولوں سے متعلق رہنما خطوط پر اسٹار مہم چلانے والوں اور امیدواروں کی توجہ دلائیں۔ الیکشن کمشنر راجیو کمار نے اپنے نئے ساتھیوں کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن مکمل ہو گیا ہے اور یہ انتخابات ایک تاریخی لمحہ ہیں جب ہندوستانی شہری اپنی رائے کا اظہار کریں گے اور ہم اس کو ایک تہوار کے طور پر منائیں گے۔ راجیو کمار نے کہ چناؤ کا پرو، دیش کا گرو یعنی کہ انتخابات کا جشن ملک کا فخر ہے۔واضح رہے کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات 11 اپریل سے 19 مئی کے درمیان 7 مرحلوں میں ہوئے تھے جبکہ نتیجہ 23 مئی کو آیا تھا۔ اسی طرح 2014 میں لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا اعلان 5 مارچ کو کیا گیا تھا۔ انتخابات 7 اپریل سے 12 مئی تک 9 مرحلوں میں ہوئے تھے۔