لڑاکا طیاروں کا شاندار مظاہرہ

   

بھوپال: فضائیہ کے لڑاکا طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے شاندار مظاہرہ اور کرتب نے تاریخی جھیل کے ارد گرد جمع ہوئے ہزاروں لوگوں کی بھیڑ کو دانتوں تلے انگلیاں دبانے پرمجبور کردیا۔ فضائیہ کی طرف سے یہاں منعقد پروگرام میں تاریخی بڑی جھیل کو مرکز میں رکھ کر بھوپال کے آسمان میں لڑاکا طیارے سکھوئی 30، میراج 2000، جیگوار اور تیجس نے قلابازیاں دکھائیں۔ طیاروں کی گرجدار آواز سے شہر کا آسمان گونج اٹھا۔ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے اس پروگرام کے دوران فضائیہ کی مشہور سوریاکرن ایروبیٹک ٹیم نے آسمان پر شاندار نظارے پیش کئے ۔ اس کے علاوہ چنوک اور دیگر آرمی ہیلی کاپٹروں نے بھی جھیل کے گرد پرفارم کر کے شائقین کو محظوظ کیا۔ لڑاکا طیاروں نے شہر کے آسمانوں میں غوطہ لگانے کی پرفارمنس کے ساتھ ہی مختلف قسم کی قلابازیاں دکھائیں۔ شہر میں لڑاکا طیاروں کی بے مثال پرفارمنس کودیکھنے کے لیے ایک بڑا ہجوم جمع تھا اور تقریباً ایک گھنٹے تک سب کی نظریں آسمان پر جمی رہیں۔ پروگرام میں شرکت کے لیے آنے والے لوگوں کا جوش و خروش قابل دید تھا۔