لکھنؤ کے گھنٹہ گھر علاقہ میں سی اے اے اور این ار سی کے خلاف خواتین کا احتجاج مسلسل جاری

   

لکھنؤ: خواتین شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزن (این آر سی) کے خلاف لکھنؤ کے گھنٹہ گھر میں احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں جیسے کہ دہلی کے شاہین باغ کی خواتین بھی مسلسل احتجاج کر رہی ہیں۔

ہاتھوں میں ترنگے کے تھامے یہاں کی خواتین احتجاج اور قومی ترانہ گا رہی ہیں۔ یہاں ہونے والے احتجاج میں خواتین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

اس سے قبل جمعہ کے روز سیکڑوں خواتین نے سی اے اے ، این آر سی اور نیشنل پاپولیشن رجسٹر (این پی آر) پر برہمی کا اظہار کرنے کے لئے الہ آباد میں دھرنا احتجاج کیا۔

ضلعی انتظامیہ نے کچھ مظاہرین کے خلاف انہیں علاقے سے دور کرنے کی کوشش میں ایف آئی آر بھی درج کروائی تھی۔ مگر مظاہرین اپنی جگہ سے ہٹنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

بھائی چارہ اور حب الوطنی کے پیغام کو عام کرنے کے لئے مظاہرین زیادہ تر مسلم خواتین نے ہندوستانی ترنگا پرچم کے ساتھ آزادی کی تحریک کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے رام پرساد بسمل اور اشفاق اللہ خان کی تصویروں سے پنڈال سجایا تھا۔

 واضح رہے کہ سی اے اے اور این ار سی کے خلاف ملک گیر پیمانے پر احتجاج جاری ہے، حکومت بھی انکو روکنے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے۔