لکھیم پور کھیری معاملے میں سپریم کورٹ آشیش مشرا کی ضمانت کے خلاف سماعت کے لیے تیار

   

سپریم کورٹ لکھیم پور کھیری معاملے میں مرکزی وزیر اجے مشرا ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا کی ضمانت کے خلاف عرضی پر سماعت کرنے پر راضی ہو گیا ہے۔ اب اس معاملے کی سماعت 11 مارچ کو ہوگی۔ سپریم کورٹ نے عرضی گزار سے کہا کہ وہ الہ آباد ہائی کورٹ کو مطلع کرے کہ سپریم کورٹ نے اس معاملے کو منسلک کرلیا ہے۔ دراصل سی جے آئی این وی رمنا کی بنچ کو پرشانت بھوشن نے کہا تھا کہ مشرا کو ضمانت ملنے کے بعد دیگر ملزمین بھی ہائی کورٹ پہنچ رہے ہیں اور ایسی صورتحال میں اسے روکنا چاہئے۔اس معاملے میں کسانوں کے اہل خانہ بھی سپریم کورٹ پہنچے۔ عرضی میں مرکزی وزیر اجے مشرا ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا کو ضمانت دینے کے الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ گاڑی سے کچلے جانے والے کسانوں کے اہل خانہ سپریم کورٹ پہنچ گئے ہیں۔ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن کے توسط سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ خاندان کے افراد سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر مجبور ہیں کیونکہ اتر پردیش حکومت ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے میں ناکام رہی ہے۔