لہیہ،25ستمبر(یو این آئی) لداخ کے لہیہ میں بدھ کو ہونے والی پرتشدد جھڑپوں کے بعد جمعرات کو غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے ۔ جھڑپوں میں چار افراد ہلاک جبکہ 90 سے زائد زخمی ہوئے تھے ۔ ذرائع کے مطابق لہیہ اپیکس باڈی کی کال پر بدھ کو ریاستی درجہ اور لداخ کو چھٹے شیڈول میں شامل کرنے کے مطالبے کی حمایت میں بند منایا گیا تھا، جو بعد میں پرتشدد مظاہروں میں بدل گیا۔ مظاہرین نے بی جے پی دفتر اور کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی، جبکہ ہل کونسل کے ہیڈکوارٹر کو بھی شدید نقصان پہنچایا گیا۔ اس صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے شہر میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ‘کرفیو زدہ علاقوں میں حالات قابو میں ہیں اور کہیں سے کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔