لیاپ ٹاپس اور موبائیل کا سارق گرفتار

   

حیدرآباد۔/8 فروری، ( سیاست نیوز) مادھا پور پولیس نے ایک عادی سارق کو گرفتار کرلیا جس نے سائبرآباد کے مختلف علاقوں میں لیاپ ٹاپس اور قیمتی موبائیل فونس کا سرقہ کیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس مادھا پور مسٹر وینکٹیشور راؤ نے کہا کہ 33 سالہ شیخ ریاض الدین جو پیشہ سے کار ڈرائیور ہے اور آندھرا پردیش کے ضلع گنٹور کا متوطن ہے۔ مذکورہ سارق نے سائبر آباد کے مختلف مقامات کے مکانات میں داخل ہوکر لیاپ ٹاپس اور اسمارٹ فونس کا سرقہ کرلیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سائبرآباد پولیس کی نارسنگی، رائے درگم اور کوکٹ پلی پولیس نے اس ضمن میں مقدمہ درج کیا ہے اور سابق میں اس کے خلاف نارائن گوڑہ، پنجہ گٹہ ، ایس آر نگر میں بھی مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ پولیس نے گرفتار شدہ شخص سے 17لیاپ ٹاپس، 25 موبائیل فونس جن کی مالیت 10 لاکھ ہے برآمد کرلئے۔