لیبیا میں ڈرونز کی تباہی، برقی سب اسٹیشن خاکستر ، شہر میں تاریکی

   

طرابلس۔ 12 اگست (ایجنسیز) لیبیا کے مغربی شہر زاوِیہ میں ڈرون حملے کے نتیجے میں بجلی کے ایک اہم سب اسٹیشن میں شدید آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث تنصیب مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور شہر کے جنوبی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔لیبیا کی سرکاری جنرل الیکٹریسٹی کمپنی کے مطابق چہارشنبہ کے روز ہونے والے ڈرون حملے میں زاوِیہ کے ایک بجلی کے سب اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے بعد تنصیب میں زوردار آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا سب اسٹیشن جل کر تباہ ہوگیا۔زاوِیہ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس سے تقریباً 47 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے اور اس کی آبادی تقریباً ڈھائی لاکھ ہے۔ شہر ملک کے اہم ترین توانائی مراکز میں شمار ہوتا ہے، جہاں لیبیا کی سب سے بڑی آئل ریفائنری، ایک اہم تیل برآمدی ٹرمینل اور بجلی گھر موجود ہیں۔حالیہ دنوں میں زاوِیہ میں تیل اور بجلی کی تنصیبات پر ڈرون حملوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ پیر کے روز شہر کی آئل ریفائنری میں ایندھن سے بھرے ایک ٹینک کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے بعد بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی اور فائر فائٹرز کو آگ پر قابو پانے میں 15 گھنٹے سے زیادہ وقت لگا۔