لیفٹیننٹ جنرل ڈھلون کی عازمین حج سے ملاقات، کہا حج ہرمسلمان کا خواب ہوتا ہے

   

سری نگر 22جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) فوج کی پندرہویں کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل کنول جیت سنگھ ڈھلوں نے پیر کے روز سری نگر کے مضافاتی علاقہ بمنہ میں واقع حج ہائوس میں حجاج کرام سے ملاقی ہوتے ہوئے کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی ہر مسلمان کا خواب ہوتا ہے ۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ‘میں آج حج پر جانے والے کشمیری نمائندوں سے ملنے آیا ہوں، حج مبارک ہو، ان کے کنبے ، بچوں اور گائوں کو خوشحالی ملے اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ کشمیر میں امن اور شانتی دوبارہ بحال ہو، یہ اللہ تعالیٰ سے ہماری بڑی امید ہے ‘۔جنرل ڈھلون نے کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی ہر مسلمان کا خواب ہوتا ہے لیکن بہت ہی کم لوگوں کا یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوجاتا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ وادی میں جہاں سالانہ امرناتھ یاترا کے لئے ملک کے گوشہ وکنار سے لاکھوں کی تعداد میں یاتریوں کے آنے کا سلسلہ جاری ہے وہیں اسی کے ساتھ فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے کشمیری عازمین کی مدینہ منورہ روانگی کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔سری نگر کے بین الاقوامی ہوائے اڈے سے 304 عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ 4 جولائی کوجدہ روانہ ہوا۔