بیونس ائیرس ۔12؍اکتوبر ( ایجنسیز )فٹ بال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے ارجنٹینا کے کھلاڑی لیونل میسی نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں اسکول کے زمانے میں انگریزی زبان نہ سیکھنے کا پچھتاوا آج بھی ہے۔ انہوں نے وہ تمام اعزازات حاصل کیے ہیں جن کا ایک فٹ بالر خواب دیکھتا ہے، انفرادی اعزازات میں بیلن ڈی اور سے لیکر کلب کی سطح پر چیمپئنز لیگ اور ارجنٹینا کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ جیتنے تک میسی نے تقریباً ہر کامیابی اپنے نام کی ہے تاہم بین الاقوامی فٹ بال سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے 39 سالہ کھلاڑی کے دل میں کچھ پچھتاوے بھی ہیں ان میں سے ایک انگریزی زبان نہ سیکھنا ہے۔میسی کے مطابق اگر میں کوئی دوسری زبان جانتا تو زندگی میں ملنے والی بعض غیر معمولی شخصیات سے براہِ راست گفتگو کر سکتا تھا لیکن زبان کی رکاوٹ کے باعث ایسا ممکن نہ ہو سکا۔عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹار بننے کے باوجود میسی بنیادی طور پر ہسپانوی زبان ہی بولتے رہے جہاں دوسری زبان میں گفتگو کی ضرورت پیش آتی وہاں انہیں اکثر مترجم کی مدد لینا پڑتی۔میکسیکن پوڈکاسٹ میں انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کے پاس انگریزی پڑھنے کا وقت تھا لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا، انہوں نے اس موقع سے فائدہ نہیں اٹھایاجس کا ان کو بہت گہرا افسوس ہے۔اپنی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے میسی اب اپنے بچوں کو انگریزی سیکھنے اور اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تلقین کرتے ہیں۔