مارچ کے اختتام تک موسم گرما عروج پر پہنچ جائے گا

   

درجہ حرارت 42 تا 44 ڈگری ہوجانے کا خدشہ ۔ عوام کو احتیاط برتنے کی ضرورت

حیدرآباد 10 مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں جاریہ مارچ کے اختتام تک موسم گرما عروج پر پہنچ جائے گا اور بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت 42ڈگری تا 44 ڈگری سیلسیس ہونے کا خدشہ ہے۔ ماہ مارچ کے آغاز کے ساتھ ہی شہر حیدرآباد کے علاوہ مختلف اضلاع میں درجہ حرارت 38 تا 40 ڈگری تک پہنچ چکا ہے اور آئندہ دنوں درجہ حرارت میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ دنوں درجہ حرارت میں اضافہ کے نتیجہ میں شہر اور اضلاع میں گرم ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے جو انسانی صحت کیلئے مضرہوسکتی ہیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی کنسلٹنٹ وائی وی راما راؤ نے گرمی کی شدت اور دھوپ کی تمازت میں اضافہ پر کہا کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک کئی اضلاع میں گرمی اور درجہ حرارت میں اضافہ سے بعض اضلاع میں بارش کے امکانات بھی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اضلاع میں درجہ حرارت میں اضافہ کی صورتحال کے سبب بعض مقامات پر بارش اور بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے۔ مسٹر وائی وی راما راؤ کے مطابق تلنگانہ میں آئندہ ہفتہ کے بعد سے دن کے علاوہ رات کے اوقات میں بھی گرمی میں اضافہ ہوگا اور گرم راتوں کا سلسلہ شروع ہوگا ۔موسم گرما اور شہر میں درجہ حرارت میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ عوام کو دھوپ کے اوقات میں گھروں سے نکلنے سے اجتناب کی ضرورت ہے کیونکہ درجہ حرارت میں اضافہ اور گرم ہواؤں سے لو لگنے کے واقعات میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے ۔دونوں شہروں و حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی حدود میں بھی گرمی میں اضافہ ہواہے اور کہا جار ہاہے کہ میدک ‘ رنگاریڈی ‘ میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا ۔ ھمم ‘ عادل آباد و دیگر مقامات پر آئندہ دو تا تین ہفتوں میںسخت گرمی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہاہے۔3