ماسکو کے بعد فرانس میں بھی دہشت گردی کے الرٹ میں اضافہ

   

پیرس : ماسکو کے تھیٹر میں داعش سے وابستہ گروپ کے حملے میں 130 سے زیادہ افراد کی ہلاکت کے بعد فرانس نے مسلح گشت میں اضافہ کر دیا ہے۔ آئی ایس گروپ سن 2015 میں بٹاکلان تھیٹر سمیت فرانس میں متعدد حملے کر چکا ہے۔روس کے دارالحکومت ماسکو کے مضافات میں ایک کنسرٹ ہال میں ہونے والے حالیہ ہلاکت خیز حملے کے بعد اتوار کے روز فرانس نے بھی اپنی سکیورٹی کو اعلیٰ ترین سطح تک الرٹ پر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ماسکو کے ایک تھیٹر میں ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری افغانستان سے تعلق رکھنے والے گروپ اسلامک اسٹیٹ دولت خراسان (آئی ایس -کے) نے قبول کی ہے۔
جمعہ کو کروکس سٹی ہال پر ہونے والے اس حملے میں اب تک 137 سے زائد افراد کی ہلاکت اور دیگر 140 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس حوالے سے روسی حکام نے چار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے، جنہوں نے عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔