مالیاتی بل کی منظوری کے فوری بعد بجٹ اجلاس ملتوی کرنے کا مطالبہ :ترنمول

   

نئی دہلی22مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ترنمول کانگریس نے جان لیوا وائرس کورونا وائرس کے ملک میں بڑھتے معاملات کے پیش نظر پارلیمنٹ میں پیر کو مالیاتی بل منظور کرانے کے بعد بجٹ سیشن ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ترنمول کانگریس کے لوک سبھا میں ایوان کے لیڈر سدیپ بندوپادھیائے اور پارٹی کے راجیہ سبھا میں لیڈر ڈیریک او برائن نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ملک میں کورونا کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر اس صورت حال کو وزارت داخلہ کی طرف سے آفت قرار دیا جا چکا ہے ۔مرکز اور ریاستی حکومتوں کو اس صورت حال سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ترنمول کانگریس پہلے بھی کئی بار درخواست کر چکی ہے کہ پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کو فوری طور پر ملتوی کر دینا چاہئے لیکن اس کی باتوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ پارٹی اس بات پر متفق ہے کہ یکم اپریل سے نئے مالی سال کے شروع ہونے سے پہلے مالیاتی بل منظور کیا جانا ضروری ہے ۔لہذا پارٹی کی درخواست ہے کہ پیر کو لوک سبھا میں مالیاتی بل منظور کرانے اور اسے راجیہ سبھا کے میز پر رکھ کر بغیر بحث کے لوک سبھا کے لیے لوٹائے جانے کے بعد پارلیمنٹ سیشن ملتوی کر دیا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا ہے کہ مالیاتی بل کو راجیہ سبھا میں منظور کرانا لازمی نہیں ہے ۔ پہلے بھی کئی بار ایسا کیا گیا ہے ۔ خط میں حکومت پر الزام لگایا گیا ہے کہ اس بل کو وقت رہتے پہلے ہی منظور کرایا جانا چاہئے تھا۔