مانڈیا : مندر میں ٹیبل رکھ کر دلتوں کا راستہ روک دیا گیا

   

میسورو : کرناٹک کے مانڈیا ضلع کے چیرانا ہلی گاؤں میں صدیوں قدیم بریشورا سوامی مندر میں ایک بار پھر سے دلت برادری کا داخلہ روک دیا گیا ہے ۔ اس مندر میں ایک ماہ قبل ہی مختلف ذاتوں کے نمائندوں کے مابین تبادلہ خیال اور بات چیت کے بعد دلتوں کا داخلہ شروع کیا گیا تھا ۔ کہا گیا کہ مندر پجاری نے اصل باب الداخلہ پر ایک ٹیبل رکھ دیا ہے تاکہ بھکتوں کے داخلہ پر روک لگائی جاسکے ۔ کہا گیا کہ ایڈوکیٹ لکشمن چیرانا ہلی نے ڈپٹی کمشنر مانڈیا سے شکایت درج کروائی جس میں کہا گیا کہ مندر کے پجاری نے باب الداخلہ پر ایک ٹیبل رکھ دیا ہے تاکہ دلتوں کو مندر کے اندر داخلہ سے روکا جاسکے ۔ تاہم اس سے کو آنے والے تمام بھکتوں کا راستہ رک گیا ہے ۔ اس شکایت کے بعد اڈیشنل ڈپٹی کمشنر مانڈیا نے تحصیلدار مانڈیا کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ وہ مندر کا دورہ کریںاور مندر میں تمام بھکتوں کے داخلہ کو یقینی بنایا جائے ۔ درشن کیلئے سب کو مساوی حقوق ہیں۔ عہدیدار نے تحصیلدار کو ہدایت دی ہے کہ وہ مندر کے باہر ایک بورڈ آویزاں کریں جس پر تحریر ہو کہ کسی کے بھی داخلہ پر پابندی نہیں ہے ۔ تحصیلدار سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ پجاری کے خلاف الزامات کی تحقیقات کریں اور اگر الزامات درست پائے جائیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ مندر کو عطیات کے بیجا استعمال کی شکایت پر بھی اڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تحصیلدار کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ مال کے عہدیداروں کی ایک ٹیم اپنے ساتھ لے جائیں۔ مندر کے عطیات کے ڈبے بھکتوں کی موجودگی میں کھولیں اور عطیات کی گنتی کرکے مندر کے سیونگ اکاؤنٹ میں جمع کروادیں۔