ماں سے کیا ہوا وعدہ پورا کیا : باکسر نکہت زرین

   

گولڈ میڈل ماں کے گلے میں پہناتے ہوئے سالگرہ کا تحفہ پیش کیا
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی تلنگانہ کی دختر نکہت زرین نے کہا کہ ماں سے کیا ہوا وعدہ پورا کیا ۔ نکہت زرین نے عالمی مقابلوں میں باکسنگ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی والدہ پروین سلطانہ کی جاریہ ماہ 3 اگست کو سالگرہ تھی تب تک وہ کامن ویلتھ گیمز میں حصہ لینے کے لیے برمنگھم پہونچ چکی تھی اور ٹیلی فون پر اپنی ماں سے پوچھا تھا کہ انہیں کیا تحفہ چاہئے ۔ ماں نے کہا تھا کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرلیں وہی تمہاری طرف سے میرا سالگرہ کا تحفہ ہوگا ۔ اسی دن میں نے اپنی والدہ سے وعدہ کیا تھا کہ میں ضرورگولڈ میڈل جیتوں گی اور اس کو آپ کے گلے میں پہناؤں گی ۔ میں نے ماں سے کئے گئے وعدے کو پورا کیا اور گھر پہونچتے ہی گولڈ میڈل اپنی ماں کے گلے میں ڈالتے ہوئے انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی ۔ نکہت زرین نے کہا کہ اس وقت میں نے ماں کی آنکھوں میں جو خوشی دیکھی تو گولڈ میڈل حاصل کرنے کے لیے جتنی محنت کی تھی وہ سب ہوا ہوگئی ۔ نکہت زرین نے کہا کہ ورلڈ چمپئن شپ میں تمغہ جیتنے کے بعد مجھ سے مزید توقعات بڑھ گئی ہیں ۔ سارا ملک چاہتا تھا کہ میں دولت مشترکہ کھیلوں میں گولڈ میڈل جیتو۔ جس سے ان پر دباؤ بڑھ گیا تھا تاہم وہ ابتداء سے دباؤ سے لطف اندوز ہونے کی عادی ہوچکی ہیں ۔ اس لیے دباؤ میرے لیے کمزوری نہیں بلکہ طاقت بن گئی ہے ۔ یہی وجہ تھی کہ میں نے اپنے حریف کو کوئی موقع دیئے بغیر 0-5 سے شکست دیتے ہوئے فائنل میں پہونچ گئی تھی ۔ فائنل میں صرف کامیابی کا نشانہ تعین کرتے ہوئے رنگ میں اتری تھی اور اپنے مقصد میں کامیاب ہوگئی ۔ نکہت زرین نے کہا کہ وہ مشن پیرس اولمپکس کی تکمیل تک آرام نہیں کریں گی ۔ اکٹوبر میں ایشین چمپئن شپ اور دسمبر میں نیشنل چمپئن شپ ہے ۔ اس کے علاوہ آئندہ سال میرے لیے بہت اہم ہے کیوں کہ یہ اولمپکس سے پہلے کا سال ہے ۔۔ ن