مایاوتی کا کنٹراکٹ ورکرس کوباقاعدہ بنانے کا مطالبہ

   

لکھنؤ، 14 اکتوبر (یو این آئی) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے اتر پردیش حکومت کی طرف سے اگلے چھ ماہ میں ایک لاکھ لوگوں کو سرکاری نوکریاں دینے کے اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے برسوں سے عارضی طور پر کام کر رہے ملازمین کو مستقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ محترمہ مایاوتی نے بدھ کو “ایکس” پر کہا کہ ریاستی حکومت نے اگلے چھ ماہ کے اندر 100,000 لوگوں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے ۔ بہتر ہوتا کہ مختلف سرکاری محکموں میں برسوں سے کام کرنے والے عارضی ملازمین کو بھی مستقل روزگار سکیم میں شامل کیا جاتا۔ بی ایس پی کے سربراہ نے سرکاری نظام میں آؤٹ سورسنگ اور ٹھیکہ کے نظام پر تنقید کرتے ہوئے انہیں استحصالی قرار دیا۔