متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ سے فلسطینی قائد کی ملاقات

   

ریاض: متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے فلسطین لبریشن موومنٹ کے سیکرٹری جنرل حسین شیخ نے ملاقات کی ہے تاکہ غزہ میں جاری انسانی بحران پر تبادلہ خیال کر سکیں۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے بین الاقوامی سطح پر کی جانے والی کوششوں پر بات کی اور سلامتی کونسل میں اماراتی قرارداد اور ادا کیے جانے والے کردار پر بھی بات چیت کی گئی ہے ۔وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے امن اور اسرائیل فلسطینی ڈیل کیلئے مذاکرات پر زور دیا۔ امارات ایسی خلیجی ریاست ہے جس کے اسرائیل کیساتھ باضابطہ سفارتی تعلقات ہیں۔
یہ سفارتی تعلقات امریکہ کے ذریعے 2020 میں معاہدہ ابراہم کے تحت قائم کیے گئے تھے ۔دوسری جانب قطر کی کوششوں سے ماہ نومبر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان عارضی جنگ بندی معاہدے کے نتیجے میں ایک سو دس اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی ممکن ہوئی تھی، تاہم یکم دسمبر سے دوبارہ جنگ شروع ہے اور اب تک فلسطینیوں کی شہادتوں کی تعداد 20 ہزار کو چھو چکی ہے ۔ابو ظہبی حماس کے اسرائیل پر سات اکتوبر کے حملوں کی مذمت کرتا ہے اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتا ہے ۔ امارات اسرائیل کے غزہ پر جاری حملوں، بمباری اور انسانی تباہی کی بھی مذمت کرتا ہے اور جنگ بندی کر کے انسانی بنیادوں امدادی سرگرمیوں کی حمایت کرتا ہے ۔