متنازعہ قوانین پر آئی سی سی کا نظر ثانی کا فیصلہ

   

لندن۔21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنمنٹ کے متنازعہ قوانین کا ذکر لندن میں آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں بھی ہوا۔ آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی نے کرکٹ کمیٹی سے کہا ہے کہ ورلڈکپ قوانین پر نظر ثانی کریں۔ انیل کمبلے کی سربراہی میں کرکٹ کمیٹی سے کہا گیا ہے کہ مستقبل میں اگر اس طرح کی کوئی صورتحال ہوتی ہے تو اس کے لئے متبادل قانون بنایا جائے۔کرکٹ کے 12ویں ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ انتہائی ڈرامائی انداز میں سوپر اوور تک گیا جہاں دوبارہ اسکور ٹائی ہونے کی وجہ سے انگلینڈ کو زیادہ باونڈریز لگانے پر ورلڈ کپ کا فاتح قرار دیا گیا۔ میچ ٹائی ہونے پر سوپر اوورکروائے گئے۔ جس میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 15 رنز بنائے۔جواب میں حیران کن طور پر نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی اپنے سوپر اوور میں 15 رنز ہی بنا پائی اور آخری گیند پر مارٹن گپٹل دوسرا رن لیتے ہوئے آوٹ ہو گئے۔ قواعد کے مطابق آخر میں میچ کا فیصلہ دونوں ٹیموں کی جانب سے لگائی گئی بانڈریز کی تعداد پر کیاگیا۔انگلینڈ نے اپنی اننگزمیں 26 جبکہ نیوزی لینڈ نے 17 باونڈریز لگائی تھیں اور اس طرح سوپر اوور ٹائی ہونے پر ورلڈ کپ انگلینڈ نے جیت لیا۔