مجتبیٰ حسین طنزو مزاح میں بے مثال، دہلی میں تعزیتی نشست

   

نئی دہلی۔7 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) ممتاز مزاح نگار مجتبیٰ حسین اور ادیب ومترجم ڈاکٹر آصف فرخی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے آج یہاں ایک آن لائن تعزیتی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ ادبی تنظیم ادب جزیرہ کے اہتمام منعقدہ اس نشست میں اچاریہ سارتھی کو بھی یاد کیا گیا۔شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجتبیٰ حسین اردو ادب میں طنز ومزاح کے ایک بے مثال ادیب تھے ۔ انھوں نے تمام عمر اردو زبان وادب اور تہذیب کی خدمت میں صرف کی۔ادب جزیرہ تنظیم نے آن لائن یادگاری نشست کا اہتمام بعنوان ’’یاد رفتگاں‘‘ کیا تھا، جس میں اردو ادب کی معروف شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اخیر میں ادب جزیرہ کے نایب صدر معروف صحافی معصوم مرادآبادی نے مجتبیٰ حسین کے طویل ادبی سفر کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کالم نگاری، خاکہ نگاری، انشائیہ نویسی اور سفر ناموں کے حوالے سے طنزیہ اور مزاحیہ ادب میں اپنی شناخت بنائی اورہر میدان میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ معصوم مرادآبادی نے کہا کہ مجتبیٰ حسین کے انتقال سے برصغیر میں اردو طنز ومزاح کے ایک دور کا خاتمہ ہوگیا ہے ۔