مجلس اتحاد المسلمین ریاست گجرات کے اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرے گی

   

نشستوں کا فیصلہ ہنوز باقی، نپور شرما اور نوین جندال کے خلاف فوجداری مقدمات پر زور : اسد اویسی

حیدرآباد۔12۔جون(سیاست نیوز) مجلس اتحاد المسلمین گجرات اسمبلی انتخابات میں حصہ لے گی لیکن ابھی اس بات کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ مجلس گجرات میں کتنی اسمبلی نشستوں پر مقابلہ کرے گی۔ صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے گجرات کے علاقہ بھج میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہو ں نے بتایا کہ ریاست گجرات میں احمدآباد اور سورت کے علاقوں میں ہونے والی بلدی انتخابات کے ساتھ ہی مجلس نے گجرات اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا تھا اوراب جبکہ گجرات اسمبلی انتخابات قریب ہیں تو ایسی صورت میں گجرات میں پارٹی کے استحکام کے لئے وہ گجرات کا دورہ کر رہے ہیں ۔ بیرسٹر اویسی نے بتایا کہ ریاستی صدر مجلس گجرات مسٹر صابر کابلی والا گجرات اسمبلی نشستوں پر انتخابات کے سلسلہ میں قطعی فیصلہ کریں گے کہ کتنی اسمبلی نشستوں پر مقابلہ کیا جائے گا۔ جاریہ سال کے اواخر میں گجرات اسمبلی انتخابات کا انعقاد ہونا ہے اور مجلس کی جانب سے اسمبلی انتخابا ت میں حصہ لینے کے اعلان کے بعد گجرات کی سیاست میں نئی ہلچل پیدا ہوچکی ہے اورکہا جا رہاہے کہ دیگر سیاسی جماعتیں مجلس کی جانب سے نشستوں کے انتخاب پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت ملک میں فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دے رہی ہے۔ انہوں نے رانچی میں ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات کے لئے مرکزی اور جھارکھنڈ حکومت کو ذمہ دار قرار دیا او رکہا کہ نپور شرما اور نوین جندال کو پارٹی سے نکالنا سزاء نہیں ہے بلکہ دونو ں پر فوجداری دفعات کے تحت مقدمات درج کرتے ہوئے قانونی کاروائی کی جانی چاہئے اور انہیں جیل میں ہونا چاہئے تھا۔ اسد الدین اویسی نے بتایا کہ احمدآباد اور سورت بلدیات کے انتخابات سے ہی وہ گجرات میں پارٹی کے استحکام کے لئے کوشش کر رہے ہیں۔ انہو ںنے احمدآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابی نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مجلس کے 7کارپوریٹرس نے ان انتخابات میں کامیابی حاصل کی علاوہ ازیں ریاست کی دیگر بلدیا ت میں بھی مجلس کے امیدواروں منتخب ہوئے ہیں۔گجرات اسمبلی انتخابات میں مجلس کے علاوہ عام آدمی پارٹی کی جانب سے بھی حصہ لینے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ سورت میں جہاں کانگریس پارٹی اپنے ایک بھی کارپوریٹر کو منتخب کروانے میں ناکام رہی ہے وہاں عام آدمی پارٹی کے 27کارپوریٹر منتخب ہوئے ہیں اسی لئے عام آدمی پارٹی بھی گجرات میں پوری قوت کے ساتھ اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے تیار ہے۔م