مجلس کا بہار چناؤ لڑنے کا اعلان ، آر جے ڈی پر تنقید

,

   

سماج وادی جنتادل ( ڈی ) کے ساتھ یونائٹیڈ ڈیموکریٹک سیکولر الائنس کی تشکیل
پٹنہ : حیدرآباد کے ایم پی اسد الدین اویسی زیر قیادت کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے ہفتہ کو سابق مرکزی وزیر دیویندر پرساد یادو کی پارٹی کے ساتھ اتحاد کیا تاکہ آنے والے بہار اسمبلی انتخابات لڑے جائیں ۔ مجلس نے آر جے ڈی پر تنقید کی کہ انہیں سیکولر ووٹوں کا ’’ تقسیم کار ‘‘ قرار دیا جارہا ہے ۔ دیویندر یادو کے ساتھ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب میں اسد اویسی نے کہا کہ انہوں نے یونائٹیڈ ڈیموکریٹک سیکولر الائنس کی بنیاد رکھی ہے جو جائزہ لے گا کہ ریاست میں آنے والے اسمبلی چناؤ میں جملہ 243 نشستوں میں سے کتنے امیدواروں کو انتخابی میدان میں کھڑا کرنا چاہئے ۔ دیویندر یادو سماج وادی جنتادل ( ڈی ) کے سربراہ ہیں ۔ صدر مجلس نے انہیں سیکولر قوتوں کا ’’ ووٹ کٹوا ‘‘ قرار دیے جانے پر آر جے ڈی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بہار میں 2019 کے عام انتخابات میں مخالف بی جے پی ووٹوں کے نام نہاد ’’ ٹھیکیداروں ‘‘ کے ساتھ کیا ہوا ؟ ایک سوال پر کہ اپوزیشن کے عظیم اتحاد کی پارٹیاں انہیں بی جے پی کی اکٹوبر ۔ نومبر چناؤ میں بالواسطہ مدد کرنے کے لیے مورد الزام ٹھہرارہی ہے ، صدر مجلس نے کہا کہ ’’ وہ پرانا راگ الاپ رہے ہیں ۔ ‘‘ 2019 کے عام انتخابات میں مجلس نے بہار میں صرف کشن گنج کی نشست پر انتخاب لڑا اور اس کے امیدوار کو 3 لاکھ ووٹ حاصل ہوئے جب کہ جے ڈی ( یو ) امیدوار نے 3.25 لاکھ اور فاتح کانگریس امیدوار نے 3.50 لاکھ ووٹ حاصل کئے ۔۔