مجلس کو تلنگانہ میں 119 نشستوں پر مقابلہ کا چیلنج: بنڈی سنجے

   

بی جے پی برسراقتدار آنے پر سکریٹریٹ کی گنبدوں کو منہدم کرنے کااعلان
حیدرآباد۔/19فروری، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے مجلس کو چیلنج کیا کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں 119 نشستوں پر مقابلہ کرکے دکھائے۔ چھترپتی شیواجی کی جینتی کے موقع پر پرانے شہر میں ریالی سے خطاب کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ مجلس ہمیشہ پرانے شہر کے اسمبلی حلقہ جات تک محدود رہتی ہے۔ اگر مجلسی قیادت میں ہمت ہو تو وہ 119 اسمبلی حلقوں پر مقابلہ کرکے دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی تمام مجلسی امیدواروں کی ضمانت ضبط کرادے گی۔ بنڈی سنجے نے ہندو نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ آٹھ ماہ تک سخت جدوجہد کرتے ہوئے تلنگانہ میں بی جے پی کو برسراقتدار لائیں۔ بی جے پی صدر نے اپنے موقف کا اعادہ کیا کہ تلنگانہ میں برسراقتدار آنے پر نوتعمیر شدہ سکریٹریٹ کی گنبدوں کو منہدم کردیں گے۔ر