محبوبنگر

   

٭کانگریس امیدوار کا کل ادخال نامزدگی
٭ووٹرس بیداری مہم چلانے پر زور
٭انیس الرحمن بہوجن مکتی کے امیدوار

محبوب نگر /17 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ لوک سبھا محبوب نگر سے کانگریسی امیدوار ومشی چند ریڈی 19 اپریل کو صبح 9 بجکر 10 منٹ پر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے ۔ اس پروگرام میں ریاستی چیف منسٹر ریونت ریڈی کی شرکت کی اطلاع ہے ۔ ایم ایل اے دیور کدرہ و صدر ضلع کانگریس مدھو سدن ریڈی نے منگل کے دن ضلع کانگریس کے دفتر میں یہ اطلاع دی ۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر حلقہ لوک سبھا کے تمام اسمبلی حلقہ جات کے پارٹی قائدین اور کارکن بھاری تعداد میں حصہ لیں ۔ تلنگانہ چوراہا پر کارنر میٹنگ سے چیف منسٹر ریونت ریڈی خطاب کریں گے اور مٹوگوڑہ سے ایک بڑی ریالی منظم کی جائے گی ۔ اس موقع پر ریاستی ترجمان ہریش وردھن ریڈی ، سراج قادری ، وینکٹ ریڈی ، سی جے بنہر و دیگر موجود تھے ۔
٭٭ تمام ووٹرس حق رائے دہی سے استفادہ کریں۔ ہر ووٹر کو ووٹ کیلئے بڑے پیمانے پر شعور بیداری مہم چلائی جائے گی کہ پولنگ میں اضافہ ممکن ہوسکے ۔ ضلع کلکٹر روی نائیک نے منگل کے دن کلکٹریٹ میں ووٹرس شعور بیداری پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ 18 سال مکمل کرنے والا ہر فرد ووٹ استعمال کرے ۔ شہری علاقوں میں پولنگ میں اضافہ کیلئے مہم چلائی جائے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر وشویندر پرتاپ ، موہن راؤ ، آر ڈی او نوین ، ضلع پریشد سی ای او رگھویندر ، ڈی پی آر او سرینواس، ڈی ای اورویندر ، میونسپل کمشنر و دیگر موجود تھے ۔
٭٭ حلقہ لوک سبھا محبوب نگر سے انیس الرحمن کو بہوجن مکتی پارٹی کا امیدوار مقرر کیا گیا ہے ۔ تلنگانہ بی ایم پی کے صدر اے لکشمن نے مستقر محبوب نگر پر ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ۔ موصوف کا تعلق کوڑنگل سے ہے وہ سابق میں اساتذہ انجمن کے ریاستی صدر رہ چکے ہیں۔ موصوف ایک قابل اور عوامی نمائندگی کا تجربہ رکھتے ہیں۔ انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی گئی ہے ۔